Live Updates

بجٹ میں دفاعی اخراجات میں اضافہ وقت کی ضرورت تھی ،وزیر دفاع

بھارت کے ساتھ حالیہ جنگ میں ہماری فوج نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا ،خواجہ محمد آصف خطے کی صورتحال ایران اسرائیل اور امریکہ جنگ سے بہت زیادہ غیرمتوازن ہے، ہمارے پڑوس میں مودی سرکار جارحانہ عزائم رکھتی ہے، گفتگو

جمعہ 12 جون 2026 21:20

بجٹ میں دفاعی اخراجات میں اضافہ وقت کی ضرورت تھی ،وزیر دفاع
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 جون2026ء) وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ بجٹ میں دفاعی اخراجات میں اضافہ وقت کی ضرورت تھی ، بھارت کے ساتھ حالیہ جنگ میں ہماری فوج نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے جمعہ کوقومی اسمبلی میں بجٹ پیش ہونے کے بعد صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ خطے کی صورتحال ایران اسرائیل اور امریکہ جنگ سے بہت زیادہ غیرمتوازن ہے، ہمارے پڑوس میں مودی سرکار جارحانہ عزائم رکھتی ہے اور پاکستان کے خلاف جارحیت کو اپنا فریضہ اول سمجھتی ہے اس لئے وطن عزیز کے دفاع اور فوجی صلاحیت کو جدید تقاضوں کے مطابق ہم آہنگ کرنے کیلئے بجٹ میں اضافہ ضروری ہے ۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کا دفاع مضبوط ہے ، پاک فوج کا ہر جوان وطن عزیز پر قربان ہونے کے جذبے سے سرشار ہے، خطے کی صورتحال کے پیش نظر بھی دفاعی بجٹ میں اضافہ وقت کا تقاضا ہے۔ ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ ایران اسرائیل اور امریکہ کی جنگ سے پوری دنیا سمیت خطے میں صورتحال غیرمعمولی ہے ، اس لئے ہم سمجھتے ہیں کہ ملک کے دفاع کو مضبوط سے مضبوط ترین بنانے کیلئے وسائل کو بروئے کار لایا جائے۔
Live بجٹ 27-2026ء سے متعلق تازہ ترین معلومات