وفاقی جامعہ اردو میں اساتذہ و انتظامیہ کے درمیان مذاکرات کیلئے کمیٹی تشکیل

منگل 9 جون 2026 21:52

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 جون2026ء) شیخ الجامعہ وفاقی اردو یونیورسٹی برائے فنون، سائنس و ٹیکنالوجی پروفیسر ڈاکٹر ضابطہ خان شنوری نے جامعہ میں جاری صورتحال اور اساتذہ نمائندگان کے ساتھ مذاکرات کے عمل کو مؤثر بنانے کے لیے ایک اعلیٰ سطحی کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔ رجسٹرار آفس سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق جامعہ میں منعقدہ اجلاس میں اساتذہ نمائندگان کے مؤقف اور جامعہ کو درپیش مسائل کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

اجلاس کے بعد باہمی مشاورت سے اساتذہ کے ساتھ مذاکرات اور معاملات کے حل کے لیے ایک کمیٹی قائم کی گئی ہے۔کمیٹی کے کنوینر انچارج گلشن اقبال کیمپس پروفیسر ڈاکٹر عبدالمجید خان ہوں گے، جبکہ دیگر اراکین میں رجسٹرار پروفیسر ڈاکٹر سید عنایت علی شاہ، ٹرایثرار دانش احسان، ناظم امتحانات غیاث الدین ، ڈاکٹر کوثر یاسمین شاہین، ڈائریکٹر پی اینڈ ڈی نجم العارفین اور کیمپس آفیسر عدنان اختر شامل ہیں۔

(جاری ہے)

کمیٹی کو ذمہ داری سونپی گئی ہے کہ وہ اساتذہ نمائندگان اور جامعہ کے تمام متعلقہ اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کے بعد قابلِ عمل سفارشات مرتب کرے اور اپنی تجاویز جامعہ کی اعلیٰ انتظامیہ کو پیش کرے تاکہ مسائل کے حل اور تعلیمی سرگرمیوں کے تسلسل کو یقینی بنایا جا سکے۔جامعہ انتظامیہ نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ تمام معاملات کو مذاکرات، افہام و تفہیم اور ادارے کے بہترین مفاد میں حل کیا جائے گا تاکہ طلبہ کے تعلیمی مستقبل اور جامعہ کے انتظامی امور متاثر نہ ہوں۔