محرم الحرام کے موقع پر امن و امان قائم رکھنے کے لیے فول پروف پلان تشکیل دے دیا گیاہے۔ڈپٹی کمشنر ملتان

جمعرات 11 جون 2026 19:56

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 جون2026ء) حکومت پنجاب کی ہدایت پر محرم الحرام کے موقع پر مثالی سیکیورٹی، امن و امان کے قیام اور جلوس روٹس پر بہترین انتظامات کے لیے ضلعی انتظامیہ نے فول پروف پلان تشکیل دے دیا ہے ۔ ڈپٹی کمشنر ملتان محمد نعمان صدیق کی صدارت میں محرم الحرام انتظامات کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا جس میں ایڈیشنل کمشنر جنرل راشد محمود سمیت مختلف ضلعی محکموں کے نمائندگان نے شرکت کی۔

اجلاس میں محرم الحرام کے دوران جلوس روٹس کی مثالی صفائی، لائٹنگ، پارکنگ، سیکیورٹی انتظامات اور دیگر مرمتی کام فوری مکمل کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ محرم الحرام کے دوران امن و امان کے قیام اور عزاداروں کی حفاظت کے لیے تمام مجالس، امام بارگاہوں اور حساس مقامات کی خصوصی سکریننگ کی جائے گی ،جبکہ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے مختلف جلوس روٹس پر سہولت کیمپس بھی قائم کیے جائیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ عزاداروں اور جلوس لائسنس داران کی سہولت کے لیے جلوس روٹس پر لائٹنگ، سڑکوں کی مرمت، صفائی ستھرائی اور دیگر ضروری انتظامات فوری طور پر مکمل کیے جائیں تاکہ محرم الحرام کے دوران بہترین انتظامی اور سکیورٹی ماحول فراہم کیا جا سکے۔