ییلو لائن بی آر ٹی منصوبے کے سابق پروجیکٹ ڈائریکٹر ضمیر عباسی کے خلاف ابتدائی رپورٹ جمع

منگل 23 جون 2026 15:45

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 جون2026ء) ییلو لائن بی آر ٹی منصوبے میں مبینہ ساڑھے 8 ارب روپے کی کرپشن سے متعلق کیس کی سماعت کے دوران اینٹی کرپشن حکام نے سابق پروجیکٹ ڈائریکٹر ضمیر عباسی اور دیگر کے خلاف ابتدائی رپورٹ عدالت میں جمع کرا دی۔رپورٹ کے مطابق ییلو لائن بی آر ٹی کے تین اہم تعمیراتی منصوبوں کا جائزہ لیا گیا، جن میں نیو جام صادق پل، دائود چورنگی ڈپو ون اور انڈس اسپتال ڈپو ٹو شامل ہیں۔

اینٹی کرپشن حکام کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ منصوبے میں مالی نظم و ضبط کو مبینہ طور پر بری طرح نظر انداز کیا گیا۔ رپورٹ کے مطابق سابق پروجیکٹ ڈائریکٹر ضمیر عباسی نے مبینہ طور پر ٹھیکیداروں کو فائدہ پہنچایا جب کہ ضمیر عباسی اور ڈائریکٹر پروکیورمنٹ جھامن داس پر اختیارات کے مبینہ ناجائز استعمال کا الزام بھی عائد کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ معاہدوں میں ایڈوانس ادائیگی یا مالی معاونت کی کوئی شق موجود نہیں تھی، تاہم افسران نے مبینہ طور پر ٹھیکیداروں کو اربوں روپے کی سہولت فراہم کی۔

اینٹی کرپشن حکام کے مطابق ساڑھے 8 ارب روپے کی مالی معاونت مبینہ طور پر بینک گارنٹی کے بغیر دی گئی۔رپورٹ میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ ملزمان کے اقدامات کے باعث سرکاری خزانے کو نقصان پہنچا۔ عدالت میں جمع کرائی گئی ابتدائی رپورٹ میں متعدد بے ضابطگیوں کی نشان دہی بھی کی گئی ہے۔