سی ای او سمیڈا کی چیئرمین اخوت فائونڈیشن سے ملاقات، مائیکرو انٹرپرائزز کے فروغ کے لیے مشترکہ پروگرام شروع کرنے کا فیصلہ

بدھ 1 جولائی 2026 17:00

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 جولائی2026ء) سمال اینڈ میڈیم انٹرپرائزز ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سمیڈا)کی چیف ایگزیکٹو آفیسر نادیہ جہانگیر سیٹھ نے اخوت فائونڈیشن کے بانی و چیئرمین ڈاکٹر امجد ثاقب سے ملاقات کی جس کا مقصد دونوں اداروں کے درمیان پہلے سے طے شدہ مفاہمتی یادداشت پر موثر عملدرآمد یقینی بناتے ہوئے باہمی تعاون کو مزید وسعت دینا ہے۔

(جاری ہے)

ترجمان سمیڈا کےمطابق ملاقات میں مائیکرو فنانس اور انٹرپرائز ڈویلپمنٹ کے شعبوں میں مشترکہ پروگرام شروع کرنے پر اتفاق کیا گیا جس کے تحت ملک بھر میں بالخصوص خواتین اور نوجوانوں کی زیرِ قیادت مائیکرو کاروباری اداروں کی استعداد کار بڑھانے، انہیں کاروباری معاونت فراہم کرنے اور پائیدار معاشی سرگرمیوں کے فروغ کے لیے مشترکہ اقدامات کیے جائیں گے۔

دونوں اداروں نے مائیکرو کاروباری اداروں کی استعداد، پیداواری صلاحیت اور مسابقتی استعداد میں اضافے کے لیے قریبی تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ اس سلسلے میں سمیڈا اخوت کے پروگرام سے مستفید ہونے والے کاروباری افراد کو کاروباری ترقی سے متعلق معاونت، تکنیکی رہنمائی اور منظم تربیتی پروگراموں کے ذریعے کاروباری و انتظامی صلاحیتوں میں بہتری کے مواقع فراہم کرے گا۔

متعلقہ عنوان :