سندھ یونیورسٹی میں 71 ایم فل و پی ایچ ڈی پروگراموں میں داخلوں کے لیے پری انٹری ٹیسٹ کا انعقاد کل ہوگا

ہفتہ 4 جولائی 2026 19:48

حیدرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 جولائی2026ء) سندھ یونیورسٹی ٹیسٹنگ سینٹر نے 5 جولائی کو ہونے والے 33 پی ایچ ڈی اور 38 ایم فل شعبوں میں داخلوں کے لیے پری انٹری ٹیسٹ کے تمام انتظامات مکمل کر لیے ہیں۔ یہ ٹیسٹ سندھ یونیورسٹی جامشورو کے انسٹی ٹیوٹ آف میتھمیٹکس اینڈ کمپیوٹر سائنس میں منعقد ہوگا جس میں مجموعی طور پر 713 سے زیادہ امیدوار حصہ لیں گے۔

سندھ یونیورسٹی ٹیسٹنگ سینٹر کے ڈائریکٹر ڈاکٹر آفتاب چانڈیو کے مطابق ٹیسٹ میں مجموعی طور پر 713 امیدوار شریک ہوں گے جن میں 183 پی ایچ ڈی اور 530 ایم فل پروگراموں کے امیدوار شامل ہیں۔ دوسری جانب شیخ الجامعہ سندھ پروفیسر ڈاکٹر فتح محمد مری (ٹی آئی) کی خصوصی ہدایات پر 3 مئی کو منعقدہ انٹری ٹیسٹ میں کسی وجہ سے شرکت نہ کر سکنے والے امیدواروں کو بھی ٹیسٹ دینے کا موقع فراہم کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

ڈائریکٹر ڈاکٹر آفتاب چانڈیو کے مطابق یہ رعایت صرف ان امیدواروں کے لیے ہوگی، جنہوں نے موجودہ داخلہ اشتہار میں شامل ایم فل اور پی ایچ ڈی شعبوں میں درخواستیں دے رکھی ہیں تاہم وہ امیدوار جنہوں نے گزشتہ اشتہار میں شامل ایسے شعبوں کے لیے درخواستیں دی تھیں جو موجودہ داخلہ اشتہار کا حصہ نہیں ہیں، انہیں دوبارہ ٹیسٹ دینے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

امیدواروں کی سہولت کے لیے سندھ یونیورسٹی ٹیسٹنگ سینٹر نے مختلف ایم فل اور پی ایچ ڈی پروگراموں کے نمونہ سوالیہ پرچے اپنی سرکاری ویب سائٹ پر جاری کر دیے ہیں۔ ٹیسٹ صبح ٹھیک 9:00 بجے شروع ہوگا جبکہ امیدوار اپنا اصل قومی شناختی کارڈ لازماً اپنے ہمراہ لائیں، تاہم کیلکولیٹر، موبائل فون سمیت کسی بھی قسم کے برقی آلات کو امتحانی ہال میں لانے کی اجازت نہیں ہوگی۔

متعلقہ عنوان :