گوجرانوالہ،تعلیمی بورڈ میں نئی چیئرپرسن کا تقرر،ملازمین کے مسائل اور بورڈ الاؤنس کی بحالی پر تفصیلی بریفنگ

پیر 6 جولائی 2026 23:31

گوجرانوالہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 جولائی2026ء) محترمہ اقصیٰ شبیر نے بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن (BISE) گوجرانوالہ کی چیئرپرسن کے طور پر باقاعدہ چارج سنبھال لیا ہے۔اس موقع پر صدر پنجاب ایجوکیشن بورڈز ایمپلائز ویلفیئر ایسوسی ایشن، سید سبطین عباس نے فورم کے دیگر ممبران کے ہمراہ چیئرپرسن کے دفتر کا دورہ کیا۔

ایسوسی ایشن کی جانب سے محترمہ اقصیٰ شبیر کو خوش آمدید کہا گیا اور ان کے کامیاب دورِ عمل کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے بورڈ کے امور میں مکمل تعاون کا یقین دلایا گیا۔ملاقات کے دوران سید سبطین عباس نے چیئرپرسن کو بورڈ میں درپیش انتظامی اور مالی چیلنجز سے تفصیلی آگاہ کیا۔ انہوں نے نشاندہی کی کہ بورڈ کو اس وقت شدید سٹاف شارٹیج (عملے کی کمی) کا سامنا ہے، جہاں سٹاف کی تعداد اپنی مطلوبہ تعداد سے پچاس فیصد کم ہے، جس کے باعث دفتری کارکردگی اور تعلیمی امور کی بروقت تکمیل میں مشکلات درپیش ہیں۔

(جاری ہے)

ملازمین کے حقوق کے حوالے سے بات کرتے ہوئے سید سبطین عباس نے بورڈ الاؤنس کے عدم ادائیگی کے معاملے پر خصوصی توجہ دلائی۔ انہوں نے چیئرپرسن کو بتایا کہ لاہور بورڈ میں ملازمین کو ہر ماہ ان کی بنیادی تنخواہ کا پچاس فیصد بطور 'بورڈ الاؤنس' ادا کیا جا رہا ہے، تاہم گوجرانوالہ بورڈ کے ملازمین تاحال اس سہولت سے محروم ہیں۔چیئرپرسن اقصیٰ شبیر نے مسائل کو غور سے سنا اور انہیں حل کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔ ایسوسی ایشن نے امید ظاہر کی کہ چیئرپرسن کا تکنیکی پس منظر اور انتظامی تجربہ گوجرانوالہ بورڈ کے ملازمین کے مسائل کو حل کرنے اور بورڈ کی فعالیت کو بہتر بنانے میں معاون ثابت ہوگا۔\378

متعلقہ عنوان :