محمد علی ملکانی کا اینمل سائنس کمپلیکس اور مختلف اداروں کا دورہ،

صوبائی وزیر لائیو اسٹاک اینڈ فشریز کی ویکسین کے استعمال میں بارکوڈ سسٹم یقینی بنانے کی ہدایت

پیر 13 جولائی 2026 22:05

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 جولائی2026ء) صوبائی وزیر لائیو اسٹاک اینڈ فشریز محمد علی ملکانی نے اینمل سائنس کمپلیکس، پولٹری ٹریننگ سینٹر، ڈائریکٹوریٹ آف اینمل بریڈنگ، کولڈ اسٹوریج، سی وی ڈی ایل لیبارٹری اور عالمی بینک کے تعاون سے جاری منصوبوں کا دورہ کیا اور مختلف شعبوں کی کارکردگی کا جائزہ لیا۔اس موقع پر سیکریٹری لائیو اسٹاک ڈاکٹر کاظم حسین جتوئی، ڈائریکٹر جنرل لائیو اسٹاک ڈاکٹر حزب اللہ بھٹو، ڈائریکٹر جنرل سندھ انسٹی ٹیوٹ آف اینمل ہیلتھ ڈاکٹر نظیر حسن کلہوڑو، ڈائریکٹر جنرل فارمز اینڈ ایکسٹینشن ڈاکٹر مبارک جتوئی، ڈائریکٹر جنرل فشریز ان لینڈ عبداللطیف کورائی، ڈائریکٹر جنرل پولٹری پروڈکشن سید صلاح الدین شاہ، ڈائریکٹر جنرل میرین فشریز ڈاکٹر عاصم کریم اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر نے مویشیوں کی ویکسین اور ادویات کے استعمال سے متعلق بریفنگ لیتے ہوئے ہدایت کی کہ بارکوڈ کے بغیر کسی بھی دوا یا ویکسین کا استعمال نہ کیا جائے۔ انہوں نے مصنوعی نسل کشی، کولڈ اسٹوریج کے نظام اور دیگر امور کا بھی جائزہ لیا اور متعلقہ افسران کو ہدایات جاری کیں۔محمد علی ملکانی نے کہا کہ وہ صرف فائلوں تک محدود کام کے بجائے عملی نتائج پر یقین رکھتے ہیں اور تمام افسران کو عوامی مفاد کو مدنظر رکھتے ہوئے دی گئی گائیڈ لائنز کے مطابق اپنی ذمہ داریاں ادا کرنی چاہئیں تاکہ محکمہ کی خدمات زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچ سکیں۔