اختلافات میں نہیں، مقصد کی تکمیل میں کامیابی ہے، حاجی فضیل رضا عطاری

منگل 21 جولائی 2026 22:57

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 جولائی2026ء) دعوت اسلامی کی مرکزی مجلس شوریٰ کے رکن و نگران کراچی مشاورت حاجی فضیل رضا عطاری نے کہا ہے کہ اگر کسی برائی کو فوری طور پر جڑ سے ختم نہ کیا جا سکے تو وقتی طور پر اس سے توجہ ہٹا کر تعمیری اور مثبت کاموں میں مشغول ہوجانا چاہئے،ہمارے معاشرے میں اکثر لوگ لڑائی جھگڑوں میں پڑ کر اپنے اصل مقصد کو بھول جاتے ہیں اور یہی ان کی ناکامی کا ایک بڑا سبب بنتا ہے،ہم دوسروں کو نیچا دکھانے میں جتنا وقت صرف کرتے ہیں اگر اس کا آدھا وقت بھی اپنی اصلاح اور بہتری پر لگا دیں تو یقیناً ترقی کرسکتے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جامع مسجد فیضان جیلان کلفٹن میں ہفتہ وار سنتوں بھرے اجتماع سے بیان کرتے ہوئے کیا۔ حاجی فضیل رضا عطاری نے صلح حدیبیہ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اگر رسول اکرم ﷺ کفار مکہ کے ساتھ صلح نہ فرماتے تو مسلمان جنگوں ہی میں مصروف رہتے، دور دراز قبائل تک اسلام کا پیغام نہ پہنچتا اور دیگر ممالک کے بادشاہوں کو دعوت اسلام دینے کا موقع نہ ملتا، لہٰذا آپ ﷺ نے وقتی طور پر امن کے معاہدے کی دیوار کھڑی کرکے اپنے حقیقی مشن کو آگے بڑھایا،اسے کہتے ہیں اختلاف پر مقصد کو ترجیح دینا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اختلافات کو منیج کرنا ایک مستقل فن ہے، ہمیں صلح حدیبیہ سے یہ سیکھنا چاہئے کہ اختلافات کو کیسے حکمت اور تدبیر کے ساتھ سنبھالا جائے، ہر وقت اختلافات میں الجھے رہنا ترقی کی راہ میں رکاوٹ بنتا ہے، اس لئے اختلافات کو دانشمندی سے منظم کرکے اپنے اصل مقصد کی طرف بڑھتے رہنا چاہئے۔

متعلقہ عنوان :