مفتی عبدالقیوم خان ہزاروی کے ختمِ چہلم کی تقریب ،مرحوم نے ہزاروں علما،مفتیان ومحققین کی علمی و فقہی تربیت کی، ڈاکٹر محمد طاہرالقادری

ہفتہ 25 جولائی 2026 21:18

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 جولائی2026ء) جامع شیخ الاسلام، ماڈل ٹائون لاہور میں مفتی اعظم منہاج القرآن انٹرنیشنل، مفتی عبدالقیوم خان ہزاروی رحمۃ اللہ علیہ کے ختمِ چہلم کی تقریب منعقد ہوئی، جس میں علمائے کرام، مشائخ عظام، مفتیان، اساتذہ، طلبہ، مرحوم کے شاگردوں اور وابستگانِ تحریک منہاج القرآن کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

تقریب سے ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے آڈیو لنک کے ذریعے خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہاکہ مفتی عبدالقیوم خان ہزاروی کی جامعہ اسلامیہ منہاج القرآن سے وابستگی تقریبا چار دہائیوں پر محیط رہی۔ اس عرصے میں انہوں نے ہزاروں طلبہ کی علمی، فقہی وفکری تربیت کی اور افتا و تحقیق کے میدان میں گراں قدر خدمات انجام دیں۔ انہوں نے کہا کہ مفتی عبدالقیوم خان ہزاروی خیر و حکمت کے امین اور ایسے کامل فقیہ تھے جو پیچیدہ مسائل کو نہایت آسان، مدلل اور معتدل انداز میں بیان کرتے تھے۔

(جاری ہے)

ان کے تربیت یافتہ علماء ان کے لیے بہترین صدقہ جاریہ ہیں۔ناظمِ اعلی تحریک منہاج القرآن خرم نواز گنڈاپور نے کہا کہ مفتی عبدالقیوم خان ہزاروی کی پوری زندگی علمِ دین، تدریس، تربیت اور خدمتِ اسلام سے عبارت تھی۔ انہوں نے کہا کہ مرحوم ہمیشہ خوش مزاج، باوقار، متوازن اور اللہ تعالی کی رضا پر راضی رہنے والی شخصیت تھے، جنہوں نے اپنے علم و کردار سے ہزاروں افراد کی رہنمائی کی۔

تقریب سے ڈاکٹر محمد آصف اکبر قادری، پروفیسر ڈاکٹر محمد ممتاز الحسن باروی، پروفیسر ڈاکٹر علی اکبر الازہری، پروفیسر حافظ محمد اعظم نوری اورعلامہ مفتی غلام حسن قادری نے بھی خطاب کیا۔ تقریب میں مفتی عبد القیوم خان ہزاروی (مرحوم ) کے صاحبزادگان انجینئر طارق قیوم اورحافظ ناصر قیوم خان ہزاروی نے بھی شرکت و اظہار خیال کیا۔تقریب میں الحاج عبدالغفور قادری، ڈاکٹر محمد رفیق نجم، محمد عباس نقشبندی، کرنل (ر) خالد جاوید، علامہ اشفاق علی چشتی، شیخ فرحان عزیز، شکیل احمد طاہر، قاری ریاست علی چدہڑ، عابد بشیر قادری، شہزاد رسول قادری، قاضی فیض الاسلام، حاجی غلام فرید عاجز، ڈاکٹر محمد فاروق رانا اور قاری سید خالد حمید کاظمی الازہری سمیت جامعہ اسلامیہ منہاج القرآن کے اساتذہ و طلبہ، علمائے کرام، مشائخِ عظام، مفتیانِ کرام، وابستگانِ تحریک منہاج القرآن کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

تقریب کے اختتام پر ڈاکٹر شبیر احمد جامی نے مرحوم کے ایصالِ ثواب، بلندی درجات، اہلِ خانہ کے لیے صبرِ جمیل اور امتِ مسلمہ کی خیر و فلاح کے لیے خصوصی دعا کروائی۔