گورنر خیبرپختونخوا سے سابق وفاقی وزیر جہانگیر خان ترین کی ملاقات

ملک کی صورتحال، قومی امور اور عوامی فلاح و بہبود سے متعلق مختلف موضوعات پر تبادلہ خیال

منگل 28 جولائی 2026 20:30

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 جولائی2026ء) گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی اور سابق وفاقی وزیر جہانگیر خان ترین نے اسلام آباد میں ملاقات کی۔ اس موقع پر وفاقی وزیر مملکت برائے اوورسیز پاکستانی عون چوہدری بھی موجود تھے۔ ملاقات کے دوران ملک کی صورتحال، قومی امور اور عوامی فلاح و بہبود سے متعلق مختلف موضوعات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے سرائیکی وسیب کی ترقی، تعلیم اور سماجی شعبوں میں جہانگیر خان ترین کی خدمات کو سراہتے ہوئے خصوصاً ترین ایجوکیشن فاؤنڈیشن کی جانب سے معیاری تعلیم کے فروغ، سرکاری اسکولوں کی بہتری، اساتذہ کی استعداد کار میں اضافے اور پسماندہ علاقوں کے طلبہ کو بہتر تعلیمی سہولیات کی فراہمی کے اقدامات کو قابلِ تحسین قرار دیا۔

(جاری ہے)

گورنر فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ تعلیم ہی پائیدار ترقی اور خوشحالی کی بنیاد ہے، اور ترین ایجوکیشن فاؤنڈیشن جیسے اداروں کے تجربات سے ملک کے دیگر علاقوں کو بھی فائدہ پہنچایا جا سکتا ہے۔ انہوں نے اس خواہش کا اظہار کیا کہ فاؤنڈیشن جدید آئی ٹی دور کی ضروریات سی ہم آہنگ اپنے تعلیمی اور سماجی منصوبوں کا دائرہ کار خیبرپختونخوا، خصوصاً پسماندہ اور دور افتادہ اضلاع تک بھی وسعت دے تاکہ وہاں کے نوجوانوں کو معیاری تعلیم اور بہتر مواقع میسر آ سکیں۔