وائس چانسلر ویمن یونیورسٹی ملتان سےجونیئر ملازمین کے وفد کی ملاقات،ترقی کے کیسز کو ترجیحی بنیادوں پر زیر غور لانے کی یقین دہانی کرائی

پیر 3 اگست 2026 18:21

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 اگست2026ء) وائس چانسلر ویمن یونیورسٹی ملتان پروفیسر ڈاکٹر سیدہ شاہدہ بتول سے جونیئر ملازمین کے وفد نے ملاقات کی اور ترقیوں سے متعلق مسائل اور طویل عرصے سے زیر التوا پروموشن کیسز بارے آگاہ کیا۔ ترجمان ویمن یونیورسٹی کے مطابق وفد میں شامل کلرکس، اٹینڈنٹس، سٹینوگرافرز، لیب اٹینڈنٹس اور دیگر کیڈرز کے ملازمین نے درخواست کی کہ اہل ملازمین کے کیسز کو جلد قواعد کے مطابق نمٹایا جائے تاکہ ان کی پیشہ ورانہ ترقی متاثر نہ ہو۔

ملازمین نے موقف اختیار کیا کہ کئی اہل افسران و ملازمین کے ترقی کے کیسز عرصہ دراز سے زیر التوا ہیں، جس سے نہ صرف ان کی حوصلہ شکنی ہو رہی ہے بلکہ ادارہ جاتی کارکردگی بھی متاثر ہو رہی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مطالبہ کیا کہ تمام زیر التوا کیسز کو ترجیحی بنیادوں پر نمٹایا جائے۔اس موقع پر وائس چانسلر نے وفد کو یقین دلایا کہ تمام جائز اور قواعد کے مطابق آنے والے ترقی کے کیسز کو ترجیحی بنیادوں پر زیر غور لایا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی انتظامیہ ہر اہل ملازم کو اس کا جائز حق بروقت فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے اور ترقیوں کے تمام مراحل مکمل شفافیت، انصاف اور میرٹ کی بنیاد پر مکمل کیے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ ملازمین کسی بھی ادارے کا قیمتی اثاثہ ہوتے ہیں اور ان کی فلاح و بہبود، پیشہ ورانہ ترقی اور بہتر سروس سٹرکچر انتظامیہ کی اولین ترجیحات میں شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملازمین کے تمام جائز تحفظات دور کیے جائیں گے تاکہ ادارے میں مثبت، پیشہ ورانہ اور خوشگوار ماحول کو فروغ مل سکے۔اس موقع پر رجسٹرار ڈاکٹر سارہ مصدق بھی موجود تھیں۔ وفد نے اپنے مسائل توجہ سے سننے اور یقین دہانی کرانے پر وائس چانسلر کا شکریہ ادا کیا۔

متعلقہ عنوان :