ًمظفرآباد ڈویژن کے ووٹرز کا جمہوریت پر اعتماد، بڑی تعداد میں حقِ رائے دہی کا استعمال

منگل 4 اگست 2026 19:43

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 04 اگست2026ء) آزاد کشمیر کے مظفرآباد ڈویژن میں خراب موسم کے باعث جن حلقوں (LA-27, LA-28) میں پولنگ ملتوی کی گئی تھی، وہاں منگل کو شہری بھرپور جوش و خروش کے ساتھ اپنا حقِ رائے دہی استعمال کرتے رہے۔شہریوں کا کہنا ہے کہ جمہوریت ہی عوامی فلاح، ترقی اور مسائل کے حل کا مؤثر راستہ ہے، جبکہ حقیقی تبدیلی صرف منتخب ایوانوں کے ذریعے ہی ممکن ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ عوام اپنے نمائندوں کو اسمبلی میں اس لیے منتخب کرتے ہیں تاکہ وہ ان کی آواز بنیں، ان کے مسائل اٹھائیں اور عوامی مطالبات کو آئینی و جمہوری طریقے سے حل کرائیں۔شہریوں کے مطابق ووٹ دینا ہر شہری کا بنیادی، آئینی اور جمہوری حق ہے، جس کا استعمال ہر اہل ووٹر کی ذمہ داری بھی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ اسمبلی سے باہر مسائل کا مستقل حل ممکن نہیں، اس لیے عوام کو جمہوری عمل میں بھرپور شرکت کرتے ہوئے اپنے نمائندے خود منتخب کرنے چاہییں۔شہریوں نے پرامن اور شفاف انتخابی ماحول کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ عوام کی بڑی تعداد میں شرکت جمہوری نظام پر اعتماد اور سیاسی شعور کا واضح اظہار ہے۔