وائس چانسلر یونیورسٹی آف ہری پورپروفیسر ڈاکٹر عابد فریدنے آن لائن ٹرانسکرپٹ اور ڈگری اجرا سسٹم کا افتتاح کر دیا

جمعہ 7 اگست 2026 22:34

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 اگست2026ء) یونیورسٹی آف ہری پور نے ڈیجیٹل تبدیلی اور ای گورننس کے فروغ کی جانب ایک اہم پیش رفت کرتے ہوئے آن لائن ٹرانسکرپٹ اور ڈگری اجرا سسٹم کا باضابطہ افتتاح کر دیا۔ اس جدید نظام کا افتتاح پروفیسر ڈاکٹر عابد فرید، وائس چانسلر، یونیورسٹی آف ہری پور نے امتحانی سیکشن میں منعقدہ تقریب کے دوران کیا۔

افتتاح کے موقع پر وائس چانسلر نے خود آن لائن نظام کے ذریعے ایک طالب علم کی ٹرانسکرپٹ اور ڈگری جاری کر کے اس جدید نظام کا عملی مظاہرہ کیا۔ یہ نظام ڈائریکٹوریٹ آف آئی ٹی سروسز اور امتحانی سیکشن کی مشترکہ کاوش کا نتیجہ ہے، جس کا مقصد طلبہ کو ٹرانسکرپٹس اور ڈگریوں کے اجرا کی محفوظ، شفاف، تیز رفتار اور مؤثر آن لائن سہولت فراہم کرنا ہے۔

(جاری ہے)

تقریب میں پروفیسر ڈاکٹر محتاج خان، ڈائریکٹر آئی ٹی سروسز، ڈاکٹر اصغر علی، کنٹرولر امتحانات، ریاض محمد، رجسٹرار، ڈاکٹر ظہور، ڈائریکٹر انڈرگریجویٹ سٹڈیز، ڈاکٹر شاہ مسعود خان، ڈائریکٹر کیو ای سی، مختلف شعبہ جات کے ڈائریکٹرز، چیئرمینز ، عثمان رؤف اور ان کی آئی ٹی ٹیم، پیر اسفندیار (ایڈیشنل پرووسٹ)، محمد کاشف (لائبریرین)، یونیورسٹی کے افسران، اساتذہ، ملازمین اور طلبہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

اپنے خطاب میں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر عابد فرید نے کہا کہ جدید جامعات کی ترقی کے لیے آٹومیشن اور ڈیجیٹلائزیشن ناگزیر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی آف ہری پور جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے شفافیت، مؤثر انتظامی نظام، بہتر گورننس اور طلبہ کو معیاری سہولیات کی فراہمی کے لیے مسلسل اقدامات کر رہی ہے۔وائس چانسلر نے اس منصوبے کی کامیاب منصوبہ بندی، مؤثر رابطہ کاری اور بروقت تکمیل پر ڈاکٹر اصغر علی، کنٹرولر امتحانات اور پروفیسر ڈاکٹر محتاج خان، ڈائریکٹر آئی ٹی سروسز کی خدمات کو خصوصی طور پر سراہا۔

انہوں نے امتحانی سیکشن اور ڈائریکٹوریٹ آف آئی ٹی سروسز کے تمام افسران و اہلکاروں بالخصوص عثمان رؤف اور ان کی ٹیم کی انتھک محنت اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو بھی خراجِ تحسین پیش کیا۔اس موقع پر ڈاکٹر اصغر علی کنٹرولر امتحانات نے شرکاء کا خیرمقدم کرتے ہوئے امتحانی سیکشن اور ڈائریکٹوریٹ آف آئی ٹی سروسز کی پوری ٹیم کو اس اہم کامیابی پر مبارکباد دی۔

انہوں نے کہا کہ یہ آن لائن نظام طلبہ کو ٹرانسکرپٹس اور ڈگریوں کے اجرا کے عمل میں غیر معمولی سہولت فراہم کرے گا اور امتحانی خدمات میں شفافیت، رفتار اور معیار کو مزید بہتر بنائے گا۔تقریب کے اختتام پر وائس چانسلر نے امتحانی سیکشن اور ڈائریکٹوریٹ آف آئی ٹی سروسز کے افسران و اہلکاروں میں ان کی نمایاں خدمات کے اعتراف میں تعریفی اسناد تقسیم کیں۔یہ تقریب اس عزم کے اعادہ کے ساتھ اختتام پذیر ہوئی کہ یونیورسٹی آف ہری پور مستقبل میں بھی جدید ڈیجیٹل سہولیات اور ٹیکنالوجی پر مبنی نظام متعارف کروا کر طلبہ کو بہترین تعلیمی و انتظامی خدمات کی فراہمی کو یقینی بناتی رہے گی۔

متعلقہ عنوان :