بھارت،جھارکھنڈمیں بھوک ہڑتال کے دوران طالب علم رہنما کی طبیعت بگڑ گئی

دیویندر مہتو رانچی کے جے پال سنگھ اسٹیڈیم میں تقریباً ایک ہفتے سے بھوک ہڑتال پر ہیں

اتوار 9 اگست 2026 14:20

رانچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 اگست2026ء) بھارتی ریاست جھارکھنڈ میںپبلک سروس کمیشن (جے پی ایس سی) اور جھارکھنڈ اسٹاف سلیکشن کمیشن (جے ایس ایس سی) کے بھرتی امتحانات میں بے ضابطگیوں کے خلاف غیر معینہ مدت کی بھوک ہڑتال کے دوران طالب علم رہنما دیویندر ناتھ مہتو کی طبیعت بگڑگئی۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق دیویندر مہتو رانچی کے جے پال سنگھ اسٹیڈیم میں تقریباً ایک ہفتے سے بھوک ہڑتال پر ہیں، صبح 3 بجے کے قریب ان کی حالت خراب ہو گئی، ڈاکٹروں نے بتایا کہ ان کے خون میں گلوکوز کی سطح انتہائی کم ہے۔

(جاری ہے)

بھرتی امتحانات کی منسوخی اور اصلاحات کا مطالبہ کرنے والے طلباء کا احتجاج اتوار کو 16ویں روز میں داخل ہوا۔ہیمنت سورین حکومت نے طلبہ گروپوں کے ساتھ چھٹے دور کی بات چیت کا اعلان کیا۔جے پی ایس سی-جے ایس ایس سی ریفارمز منچ نے اس اقدام کو سیاسی چالبازی قرار دیتے ہوئے کہاکہ حکومت احتجاج کرنے والے طلباء کے درمیان پھوٹ ڈالنے کی کوشش کر رہی ہے۔ طلبہ رہنما رویندر پاسوان نے کہاکہ تمام طلباء متحد ہیں۔ حکومت کو توجہ ہٹانے کے بجائے ہمارے بنیادی مطالبات پر توجہ دینی چاہیے۔اسی دوران آل انڈیا سٹوڈنٹس ایسوسی ایشن کے رہنمابھی ا حتجاج میںشامل ہوئے اور 10 اگست کے مارچ کی حمایت کا اعلان کیا۔