آل بلوچستان فٹبال ٹورنامنٹ، نوشکی کلب فائنل میں پہنچ گئی

منگل 11 اگست 2026 22:12

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 اگست2026ء) ضلعی انتظامیہ لورالائی کے زیرِ اہتمام جشنِ آزادی کے سلسلے میں آل بلوچستان فٹبال ٹورنامنٹ کے سنسنی خیز مقابلے جاری ہیں، جہاں بلوچستان کے مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والی درجنوں فٹبال ٹیمیں اپنی صلاحیتوں کا بھرپور مظاہرہ کر رہی ہیں۔ ٹورنامنٹ میں اب تک تقریباً 50 سے زائد ٹیمیں حصہ لے چکی ہیں، جس کے باعث لورالائی کا کالج گراؤنڈ کھیلوں کے شائقین کی توجہ کا مرکز بنا ہوا ہے۔

ٹورنامنٹ کے سلسلے میں کالج گراؤنڈ لورالائی میں کھیلے گئے سیمی فائنل میچ میں نوشکی کلب اور کوئٹہ کلب کی ٹیمیں مدمقابل ہوئیں۔ دونوں ٹیموں کے درمیان دلچسپ اور سنسنی خیز مقابلہ دیکھنے میں آیا تاہم نوشکی کلب نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے کوئٹہ کلب کو 2ـ0 سے شکست دے کر فائنل میں جگہ بنالی ۔

(جاری ہے)

سیمی فائنل میچ کے مہمانِ خصوصی اسسٹنٹ کمشنر لورالائی ندیم اکرم تھے۔

اسسٹنٹ کمشنر لورالائی ندیم اکرم نے کھلاڑیوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہار اور جیت کھیل کا حصہ ہے، اصل کامیابی بہترین کھیل، نظم و ضبط اور سپورٹس مین اسپرٹ کا مظاہرہ کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں نے شاندار کھیل پیش کیا اور اپنی صلاحیتوں کا بھرپور اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں کی جانب راغب کرنے میں کھیلوں کا کردار انتہائی اہم ہے۔ ٹورنامنٹ انتظامیہ کے مطابق جشنِ آزادی فٹبال ٹورنامنٹ کا فائنل میچ 14 اگست 2026کو کالج گراؤنڈ لورالائی میں کھیلا جائے گا۔