یونیورسٹی آف سیالکوٹ کے شعبہ فزیوتھراپی اینڈ ری ہیبلیٹیشن میں اوپن ہاؤس 2026 کا انعقاد

جمعرات 13 اگست 2026 22:55

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 اگست2026ء) یونیورسٹی آف سیالکوٹ کے شعبہ فزیوتھراپی اینڈ ری ہیبلیٹیشن کے زیر اہتمام اوپن ہاؤس 2026 کا انعقاد کیا گیا، جس میں ممکنہ طلبہ، والدین اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے مہمانوں نے شرکت کی۔ تقریب کا مقصد فزیوتھراپی، ری ہیبلیٹیشن کے شعبے میں موجود تعلیمی، تحقیقی، طبی اور پیشہ ورانہ مواقع سے شرکاء کو آگاہ کرنا تھا۔

اوپن ہاؤس کے دوران شعبہ کے فیکلٹی ممبران نے مختلف تعلیمی پروگرامز، جدید لیبارٹری سہولیات، کلینیکل ٹریننگ، تحقیقی سرگرمیوں اور مستقبل میں روزگار کے مواقع کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔ شرکاء کو شعبہ کی نمایاں کامیابیوں، تحقیقی مقالات، ہسپتالوں میں انٹرن شپ کے مواقع اور ہاؤس جاب پلیسمنٹ کے حوالے سے بھی آگاہ کیا گیا، جن کے ذریعے طلبہ کو عملی اور پیشہ ورانہ ماحول میں کام کرنے کا تجربہ حاصل ہوتا ہے۔

(جاری ہے)

تقریب میں فیکلٹی پینل ڈسکشن کا بھی اہتمام کیا گیا، جس میں شرکاء نے کلینیکل پریکٹس، اعلیٰ تعلیم، مختلف شعبوں میں تخصص اور ملکی و بین الاقوامی سطح پر کیریئر کے مواقع سے متعلق سوالات کیے۔ فیکلٹی ممبران نے طلبہ کی رہنمائی کرتے ہوئے فزیوتھراپی کے شعبے میں جدید مہارتوں، تحقیق اور مسلسل پیشہ ورانہ ترقی کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔اوپن ہاؤس میں طلبہ کی جانب سے تخلیقی خاکے اور مختلف پرفارمنسز بھی پیش کی گئیں، جن کے ذریعے فزیوتھراپی کی اہمیت اور مریضوں کی نقل و حرکت بحال کرنے، جسمانی صلاحیت بہتر بنانے، خودمختاری کو فروغ دینے اور معیارِ زندگی بلند کرنے میں اس شعبے کے کردار کواجاگر کیا گیا۔

مقررین نے کہا کہ فزیوتھراپی ، ری ہیبلیٹیشن جدید صحت کے نظام کا اہم حصہ ہے ،تربیت یافتہ ماہرین معاشرے میں صحت مند اور فعال زندگی کے فروغ میں مؤثر کردار ادا کر سکتے ہیں۔ اوپن ہاؤس 2026 نے شعبہ کے تعلیمی معیار، کلینیکل مہارت، تحقیق اور پیشہ ورانہ ترقی کے عزم کو اجاگر کرتے ہوئے مستقبل کے ہیلتھ کیئر پروفیشنلز کو معاشرے کی بہتری میں مثبت کردار ادا کرنے کے لیے حوصلہ فراہم کیا۔

متعلقہ عنوان :