ڈویڑنل ہیڈ کوارٹر اینڈ ٹیچنگ ہسپتال میرپور میں فائر سیفٹی اور ہنگامی صورتحال سے مؤثر انداز میں نمٹنے کے حوالے سے جاری چار روزہ تربیتی ورکشاپ اختتام پذیر

بدھ 9 ستمبر 2026 22:05

میرپور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 09 ستمبر2026ء) ڈویڑنل ہیڈ کوارٹر اینڈ ٹیچنگ ہسپتال میرپور میں فائر سیفٹی اور ہنگامی صورتحال سے مؤثر انداز میں نمٹنے کے حوالے سے جاری چار روزہ تربیتی ورکشاپ اختتام پذیر ہو گئی۔ اختتامی تقریب میں کمشنر میرپور ڈویڑن راجہ طاہر ممتاز نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔اختتامی تقریب کے موقع پر فائر سیفٹی کی تربیت حاصل کرنے والے ہسپتال ملازمین نے ہنگامی صورتحال میں آگ پر قابو پانے، مریضوں اور عملے کے محفوظ انخلائ اور فوری ردعمل کے حوالے سے عملی مشق کا مظاہرہ بھی کیا۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کمشنر میرپور ڈویڑن راجہ طاہر ممتاز نے کہا کہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں ابتدائی چند منٹ انتہائی اہم ہوتے ہیں، اس لیے ہسپتال میں موجود عملے کا فوری اور درست ردعمل کسی بڑے نقصان سے بچاؤ میں بنیادی کردار ادا کرتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہسپتالوں میں فائر سیفٹی کے مؤثر انتظامات اور عملے کی باقاعدہ تربیت وقت کی اہم ضرورت ہے۔

کمشنر راجہ طاہر ممتاز نے کہا کہ حادثات سے بچنے کے لیے پیشگی حکمت عملی ناگزیر عمل ہے ، ہسپتالوں میں حفاظتی اقدامات کو محض رسمی کارروائی کے طور پر نہیں بلکہ مستقل بنیادوں پر تحفظ کے نظریہ کے تحت یقینی بنایا جانا چاہیے۔ انہوں نے ڈویڑنل ہیڈ کوارٹر اینڈ ٹیچنگ ہسپتال میرپور کی انتظامیہ کی جانب سے فائر سیفٹی کے حوالے سے تربیتی ورکشاپ کے انعقاد کو سراہا۔

ایم ایس ڈویڑنل ہیڈ کوارٹر اینڈ ٹیچنگ ہسپتال میرپور پروفیسر ڈاکٹر اعجاز احمد نے کہا کہ چار روزہ ورکشاپ کا بنیادی مقصد ہسپتال کے عملے میں فائر سیفٹی، ہنگامی صورتحال سے نمٹنے اور بروقت حفاظتی اقدامات کے حوالے سے آگاہی اور عملی مہارت پیدا کرنا تھا۔ انہوں نے کہا کہ ہسپتال میں مریضوں کی بڑی تعداد موجود ہوتی ہے، اس لیے کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں عملے کا تربیت یافتہ اور ذمہ دار ہونا انتہائی ضروری ہے۔

پروفیسر ڈاکٹر اعجاز احمد نے کہا کہ ہسپتال انتظامیہ مریضوں، لواحقین اور عملے کے تحفظ کے لیے حفاظتی اقدامات کو مزید بہتر بنانے کے لیے اقدامات جاری رکھے گی اور فائر سیفٹی کے حوالے سے حاصل ہونے والی تربیت کو عملی نظام کا حصہ بنایا جائے گا۔ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر فدا حسین نے بھی فائر سیفٹی کے حوالے سے تربیتی سرگرمیوں کے تسلسل اور سرکاری و نجی ہسپتالوں میں حفاظتی اقدامات کی ضرورت پر زور دیا۔

علاوہ ازیں ڈپٹی ڈائریکٹر سول ڈیفنس راجہ اشتیاق حسین نے کمشنر میرپور ڈویڑن راجہ طاہر ممتاز اور ایم ایس ڈویڑنل ہیڈ کوارٹر اینڈ ٹیچنگ ہسپتال میرپور پروفیسر ڈاکٹر اعجاز احمد کا خصوصی شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان کی ذاتی دلچسپی اور کاوشوں کے باعث اس اہم تربیتی ورکشاپ کا انعقاد ممکن ہوا۔ انہوں نے کہا کہ سول ڈیفنس کی جانب سے فائر سیفٹی اور ہنگامی حالات سے نمٹنے کے حوالے سے تربیتی سرگرمیاں آئندہ بھی جاری رکھی جائیں گی۔

اس موقع پر پروفیسر ڈاکٹر طارق مسعود، وائس پرنسپل میڈیکل کالج، نے بھی فائر سیفٹی کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ ہسپتالوں میں مریضوں اور طبی عملے کی حفاظت کے لیے ایمرجنسی رسپانس سسٹم اور عملی تربیت کو مستقل بنیادوں پر جاری رکھنا ضروری ہے۔ڈاکٹر اعجاز محمود، ڈائریکٹر ایڈمن ایم بی بی ایس میڈیکل کالج، نے بھی ورکشاپ کے انعقاد کو سراہتے ہوئے کہا کہ ہسپتال کے عملے کی فائر سیفٹی کے حوالے سے تربیت کسی بھی ناگہانی صورتحال میں قیمتی انسانی جانوں کے تحفظ میں اہم کردار ادا کر سکتی ہے۔

تقریب کے انتظامات کے حوالے سے سینئر وارڈ سپریٹنڈنٹ مبشر نعیم کی کاوشوں کو بھی خصوصی طور پر سراہا گیا۔ ورکشاپ اور اختتامی تقریب کے دوران شرکائ ، تربیت حاصل کرنے والے ملازمین اور مہمانوں کے لیے بہترین انتظامات کیے گئے، جبکہ عملی مشق اور تقریب کے دیگر مراحل کو منظم انداز میں مکمل کرانے میں سینئر وارڈ سپریٹنڈنٹ مبشر نعیم اور انتظامی ٹیم نے بھرپور کردار ادا کیا۔

اختتامی تقریب کے دوران فائر سیفٹی کی تربیت مکمل کرنے والے ہسپتال ملازمین میں خصوصی سرٹیفکیٹس بھی تقسیم کیے گئے۔سرٹیفکیٹ حاصل کرنے والوں میں طیبہ نزاکت، نرسنگ آفیسر، امروزیہ بی بی، جونیئر میڈیکل ٹیکنیشن، رقیب حسین، اٹینڈنٹ، قیصر حسین، ڈینٹل ٹیکنیشن، جاوید طالب، جونیئر میڈیکل ٹیکنیشن، آصف مسیح، سینیٹری ورکر اور جہانزیب رسیات، اٹینڈنٹ شامل تھے۔

تقریب میں ڈی ایم ایس ڈاکٹر ماریہ ذوالفقار، ڈاکٹر اعجاز چوہدری، ڈاکٹر رضوان یوسف، ڈاکٹر تنویر صادق، ڈاکٹر عدنان مرغوب، اے ایم ایس اویس زاہد، وارڈ سپریٹنڈنٹ مبشر نعیم، وارڈ ماسٹر نعیم میر، وارڈ ماسٹر محمد اسحاق گورسی اور صدر ہیلتھ ایمپلائز ایسوسی ایشن چوہدری ساجد حسین سمیت دیگر ڈاکٹرز، افسران اور ہسپتال عملے نے شرکت کی۔شرکائ نے فائر سیفٹی کے حوالے سے چار روزہ تربیتی ورکشاپ کے انعقاد کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس نوعیت کی عملی تربیت ہسپتال میں کسی بھی ہنگامی صورتحال کے دوران قیمتی انسانی جانوں کے تحفظ اور بڑے حادثے سے بچاؤ میں اہم کردار ادا کر سکتی ہے۔

متعلقہ عنوان :