سپیس ایکس نے 3 مواصلاتی سیٹلائٹ لانچ کر دئیے

بوئنگ کے تیار کردہ او تھری بی ایم پاور سیٹلائٹس میں سے ہر ایک کا وزن تقریبا 3,750 پائونڈ ہے،رپورٹ

منگل 15 ستمبر 2026 22:55

سپیس ایکس نے 3 مواصلاتی سیٹلائٹ لانچ کر دئیے
واشنگٹن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 ستمبر2026ء) امریکی خلائی کمپنی سپیس ایکس نے کمپنی کے لیے ایک اہم مشن کے تحت تین مواصلاتی سیٹلائٹ زمین کے گرد مدار میں بھیج دیے۔

(جاری ہے)

اماراتی میڈیا کے مطابق فالکن 9 راکٹ نے فلوریڈا کے کیپ کنیورل سپیس فورس سٹیشن سے پرواز کی، جس کے ذریعے لکسمبرگ میں قائم کمپنی ایس ای ایس کے او تھری بی ایم پاور سیٹلائٹ نیٹ ورک کے آخری تین سیٹلائٹس مدار میں بھیجے گئے۔

بوئنگ کے تیار کردہ او تھری بی ایم پاور سیٹلائٹس میں سے ہر ایک کا وزن تقریبا 3,750 پائونڈ ہے۔سپیس ایکس نے دسمبر 2022 سے شروع ہونے والی چھ فالکن 9 پروازوں کے ذریعے ان تمام سیٹلائٹس کو مدار میں پہنچایا ہے۔آج کی پرواز رواں سال سپیس ایکس کا 107واں مداری مشن تھا، ان میں سے 105 پروازیں فالکن 9 راکٹ کے ذریعے جبکہ دیگر دو فالکن ہیوی راکٹ کے ذریعے انجام دی گئیں۔