عراق اور ترکیہ کا باشیقہ زِلکان فوجی اڈابغداد کے حوالے کرنے پر اتفاق

جمعرات 24 ستمبر 2026 13:48

اقوام متحدہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 ستمبر2026ء) عراق اور ترکیہ نے شمالی عراق میں واقع باشیقہ زِلکان فوجی اڈے پر ترک فوجی موجودگی ختم کرنے اور اسے طے شدہ طریقہ کار اور ٹائم ٹیبل کے تحت مرحلہ وار حکومت کے حوالے کرنے پر اتفاق کیا ہے۔ اماراتی نیوز ایجنسی وام کے مطابق یہ اتفاقِ رائے نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر ترک صدر رجب طیب اردوان اور عراقی وزیرِاعظم علی الزیدی کے درمیان ہونے والے مذاکرات کے بعد جاری مشترکہ بیان میں سامنے آیا۔

(جاری ہے)

بیان میں کہا گیا ہے کہ دونوں ممالک نے مختلف شعبوں میں سکیورٹی تعاون مزید مضبوط کرنے ، نینویٰ گورنریٹ کے علاقے سنجار میں عراقی ریاستی اختیار مکمل طور پر قائم کرنے اور وہاں ممنوعہ غیر ملکی مسلح عناصر کی موجودگی ختم کرنے پر اتفاق کیا۔ مشترکہ بیان کے مطابق فوجی اڈے کی حوالگی عراق کی جانب سے زمینی سطح پر کیے گئے سکیورٹی اقدامات میں پیش رفت کے بعد عمل میں لائی جائے گی۔ دونوں ممالک نے دوطرفہ تجارت اور سرمایہ کاری بڑھانے، پہلے سے طے شدہ معاہدوں پر فوری عمل درآمد اور مشترکہ سٹریٹجک منصوبوں کو تیز کرنے پر بھی اتفاق کیا۔