ڈیزاسٹر منیجمنٹ ہفتہ یکم تا 7 اکتوبر، 18 اکتوبر کو شہدائے زلزلہ کی برسی پر خصوصی تقریبات کا اعلان

بدھ 30 ستمبر 2026 13:31

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 ستمبر2026ء) ڈیزاسٹر منیجمنٹ ہفتہ یکم تا 7 اکتوبر، 18 اکتوبر کو شہدائے زلزلہ کی برسی پر خصوصی تقریبات کا اعلان،مظفرآباد: حکومت آزاد جموں و کشمیر کی ہدایات پر قدرتی آفات سے نمٹنے، عوام میں حفاظتی شعور اجاگر کرنے اور ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کی استعداد کار بڑھانے کے لیے ڈیزاسٹر منیجمنٹ ہفتہ منانے کی تیاریاں شروع کر دی گئی ہیں۔

ڈائریکٹر جنرل ایس ڈی ایم اے و ریسکیو 1122 سعید قریشی کی نگرانی میں یکم سے 7 اکتوبر تک آزاد کشمیر بھر میں مختلف آگاہی و تربیتی سرگرمیوں کا انعقاد کیا جائے گا۔ڈیزاسٹر منیجمنٹ ہفتہ کے دوران عوام کو زلزلوں، لینڈ سلائیڈنگ، سیلاب، آتشزدگی اور دیگر قدرتی و ہنگامی آفات کے ممکنہ خطرات سے آگاہ کرنے کے ساتھ ساتھ کسی بھی ناگہانی صورتحال میں احتیاطی تدابیر اختیار کرنے، محفوظ مقامات کی نشاندہی، ابتدائی طبی امداد اور ریسکیو کے بنیادی طریقہ کار سے بھی روشناس کرایا جائے گا۔

(جاری ہے)

اس سلسلے میں ریسکیو 1122 کی ٹیمیں مختلف سکولز، کالجز اور تعلیمی اداروں کا دورہ کرتے ہوئے خصوصی آگاہی سیشنز کا انعقاد کریں گی، جن میں طلبہ و طالبات اور اساتذہ کو آفات کے دوران حفاظتی اقدامات، انخلاء کے طریقہ کار، ابتدائی طبی امداد اور ریسکیو خدمات کے استعمال کے حوالے سے عملی معلومات فراہم کی جائیں گی۔ذرائع کے مطابق ڈیزاسٹر منیجمنٹ سرگرمیوں کا مقصد محض آگاہی فراہم کرنا نہیں بلکہ معاشرے میں ڈیزاسٹر رسپانس کلچر کو فروغ دینا بھی ہے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں شہری گھبراہٹ کے بجائے احتیاط اور ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی اور دوسروں کی جان بچانے میں کردار ادا کر سکیں۔

اسی تسلسل میں 18 اکتوبر کو شہدائے زلزلہ کی برسی کے موقع پر بھی مظفرآباد سمیت آزاد کشمیر بھر میں مختلف تقریبات، آگاہی پروگرامز اور خصوصی سیشنز منعقد کیے جائیں گے۔ ان سرگرمیوں کے ذریعے 2005 کے تباہ کن زلزلے میں جاں بحق ہونے والے افراد کو خراج عقیدت پیش کرنے کے ساتھ ساتھ مستقبل میں قدرتی آفات کے نقصانات کم کرنے کے لیے عوامی سطح پر احتیاطی تدابیر اور حفاظتی شعور کو مزید فروغ دیا جائے گا۔

ریسکیو 1122 کی ٹیمیں مختلف مقامات پر زلزلے اور دیگر آفات کے دوران شہریوں کے لیے ’کیا کریں اور کیا نہ کریں‘ کے حوالے سے آگاہی فراہم کریں گی، جبکہ طلبہ کو ہنگامی انخلاء، ابتدائی طبی امداد، فائر سیفٹی اور ریسکیو اداروں سے بروقت رابطے کے طریقہ کار سے بھی آگاہ کیا جائے گا۔حکام کا کہنا ہے کہ آزاد کشمیر جغرافیائی اعتبار سے زلزلوں، لینڈ سلائیڈنگ، سیلاب اور دیگر قدرتی آفات کے خطرات سے دوچار خطہ ہے، اس لیے عوام میں پیشگی تیاری اور حفاظتی اقدامات کے حوالے سے شعور پیدا کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔

ڈیزاسٹر منیجمنٹ ہفتہ اور شہدائے زلزلہ کی برسی کے موقع پر منعقد ہونے والی سرگرمیوں کا بنیادی مقصد قیمتی انسانی جانوں کے تحفظ، آفات کے نقصانات میں کمی اور ایک باخبر و محفوظ معاشرے کے قیام کے لیے اجتماعی شعور کو اجاگر کرنا ہے۔حکام نے شہریوں، بالخصوص تعلیمی اداروں کے سربراہان، اساتذہ اور طلبہ سے اپیل کی ہے کہ وہ آگاہی پروگرامز میں بھرپور شرکت کریں اور قدرتی آفات سے نمٹنے کے لیے فراہم کی جانے والی حفاظتی و تربیتی معلومات کو سنجیدگی سے اپنائیں۔