بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن ایبٹ آباد نے معذور طلبہ کیلئے بورڈ فیسیں مکمل معاف کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا

ہفتہ 3 اکتوبر 2026 14:21

ایبٹ آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 اکتوبر2026ء) بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن ایبٹ آباد نے معذور اور خصوصی طلبہ کیلئے تمام قسم کی بورڈ فیسیں مکمل طور پر معاف کرنے کا باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔ یہ اہم فیصلہ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کے خصوصی پیکیج کے تحت بورڈ کے 52 ویں اجلاس میں منظور کیا گیا جبکہ اس فیس معافی کا اطلاق 12 نومبر 2024ء سے ہو چکا ہے۔

(جاری ہے)

کنگسٹن سکول کے بانی سپیشل ایجوکیشنسٹ اور گولڈ میڈلسٹ ڈاکٹر محمد عرفان نے بتایا کہ فیس معافی سے فائدہ اٹھانے کیلئے طالب علم کے پاس محکمہ سوشل ویلفیئر کا تصدیق شدہ معذوری سرٹیفکیٹ یا معذوری کی نشان دہی والا شناختی کارڈ ہونا ضروری ہے، یہ اقدام خصوصی طلبہ اور ان کے والدین کیلئے ایک اہم سہولت ہے تاکہ مالی مشکلات تعلیم کے راستہ میں رکاوٹ نہ بنیں۔ ان کا کہنا تھا کہ والدین، اساتذہ اور خصوصی تعلیمی ادارے اس معلومات کو زیادہ سے زیادہ شیئر کریں تاکہ کوئی مستحق طالب علم اس سہولت سے محروم نہ رہ جائے، خصوصی بچے رعایت نہیں اپنے حقوق کے مستحق ہیں، تعلیم ہر بچہ کا بنیادی حق ہے۔