برطانیہ میں کھٹملوں نے ٹرین سروس معطل کروادی

بوگیوں کے اندر کھٹمل ہونے کی وجہ سے عملے اور مسافروں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی، ڈرائیوروں کا متاثرہ ٹرینوں میں سوار ہونے سے انکار، بعض ٹرینوں کو شیڈول سے ہٹا دیا گیا

Sajid Ali ساجد علی ہفتہ 3 اکتوبر 2026 17:16

برطانیہ میں کھٹملوں نے ٹرین سروس معطل کروادی
لندن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 03 اکتوبر 2026ء) جنوبی انگلینڈ میں بیڈ بگ یعنی کھٹملوں کی وباء پھوٹ پڑنے کے بعد ٹرینیں معطل کردی گئی ہیں۔ برطانوی اخبار دی ٹیلی گراف کی رپورٹ کے مطابق ٹرینیں چلانے والی کمپنی ساؤتھ ایسٹرن کی کئی ٹرینوں کو اس وقت شیڈول سے ہٹا دیا گیا جب عملے نے بوگیوں کے اندر کھٹملوں کو رینگتے ہوئے دیکھا، یہ مسئلہ ایسٹ سسیکس میں ہیسٹنگز کے قریب ویسٹ مارینا ٹرین کیئر ڈپو کو متاثر کر رہا ہے، ساؤتھ ایسٹرن کی ہائی اسپیڈ ون لائن کی خدمات میں بھی کھٹملوں کی موجودگی کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں، جس سے یہ خدشات بڑھ گئے ہیں کہ یہ کیڑے تیزی سے پھیل رہے ہیں۔

بتایا گیا ہے کہ ٹرین ڈرائیوروں نے متاثرہ ٹرینوں میں سوار ہونے سے صاف انکار کر دیا اور اپنے افسران پر الزام عائد کیا ہے کہ وہ اس سنگین مسئلے کو سنجیدگی سے نہیں لے رہے ہیں، اس کے باعث جمعہ کے روز کم از کم تین سروسز منسوخ کی گئیں، جب کہ 22 ستمبر کو پہلا واقعہ سامنے آنے کے بعد سے مزید ٹرینیں بھی بند کی جا چکی ہیں۔

(جاری ہے)

معلوم ہوا ہے کہ منگل کے روز ایک ٹرین جسے عملے نے طنزیہ طور پر ’بیڈ بگ ایکسپریس‘ کا نام دیا، اس نے لندن اور کینٹ کے اسٹیشنوں کے درمیان کئی چکر لگائے، جس میں دو بوگیاں بند اور استعمال سے باہر رکھی گئی تھیں کیونکہ ایک ڈرائیور نے ٹرین کے ایک حصے میں کیڑے دیکھ لیے تھے۔

دوسری جانب اپنے ایک بیان میں ساؤتھ ایسٹرن ریلوے نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ  یہ چند ایک الگ تھلگ واقعات ہیں اور ہمیں ڈرائیوروں کا بھرپور تعاون حاصل ہے، صرف دو ڈرائیوروں کے کیبن میں بیڈ بگ پائے گئے ہیں اور مسافروں کے بیٹھنے کا کوئی بھی علاقہ اس سے متاثر نہیں ہوا، دو مزید ٹرینوں کو جانچ کے لیے سروس سے باہر لایا گیا تھا، تاہم وہ بالکل صاف پائی گئیں جنہیں دوبارہ بحال کردیا گیا۔