راولپنڈی میں تعینات ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نے شوہر کیخلاف تشدد کا مقدمہ درج کرا دیا

شوہر نے موبائل چھینا، کمرے میں بند کردیا، جان سے مارنے کی دھمکیاں دیں، اہل خانہ سے رابطے، بچوں سے ملنے اور پولیس کی مدد لینے سے روکا گیا، جان اور جسمانی تحفظ کو شدید خطرہ ہے؛ ایف آئی آر کا متن

Sajid Ali ساجد علی پیر 5 اکتوبر 2026 12:22

راولپنڈی میں تعینات ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نے شوہر کیخلاف تشدد کا مقدمہ ..
راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 05 اکتوبر 2026ء) راولپنڈی میں تعینات ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ڈی سی) ہیڈکوارٹرز ملیحہ سحر نے اپنے شوہر کے خلاف گھریلو تشدد، ہراساں کرنے اور جان سے مارنے کی دھمکیاں دینے کے سنگین الزامات عائد کرتے ہوئے تھانہ ویمن میں باضابطہ مقدمہ درج کرا دیا۔
ملیحہ سحر کی مدعیت میں درج کی جانے والی ایف آئی آر کے متن کے مطابق دو بچوں کی والدہ اور کمشنر آفس کی اعلیٰ افسر نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ وہ گزشتہ کئی ماہ سے اپنے شوہر کی طرف سے مسلسل جسمانی اور نفسیاتی تشدد کا سامنا کر رہی تھیں، 2 اکتوبر کی شام ان کے شوہر نے ان پر شدید تشدد کیا، ان کا موبائل فون چھین لیا اور انہیں کمرے میں محبوس کرکے بند کر دیا۔

مقدمے میں مزید کہا گیا ہے کہ ملزم نے انہیں اپنے اہل خانہ سے رابطے، بچوں سے ملنے اور یہاں تک کہ ہنگامی صورتِ حال میں پولیس سے مدد لینے سے بھی سختی سے روک رکھا تھا، اس دوران انہیں جان سے مارنے اور بچوں کو شدید نقصان پہنچانے کی دھمکیاں بھی دی گئیں۔

(جاری ہے)

ایڈیشنل ڈی سی ملیحہ سحر نے پولیس کو بتایا کہ انہیں اپنی جان اور جسمانی تحفظ کے حوالے سے شدید خطرات لاحق ہیں، لہذا انہوں نے قانون کے مطابق سخت کارروائی، اپنا طبی معائنہ کروانے اور جسم پر موجود زخموں کے شواہد محفوظ کرنے کی باقاعدہ درخواست کی ہے۔

بتایا گیا ہے کہ تھانہ ویمن راولپنڈی پولیس نے متاثرہ افسر کی مدعیت میں فوری طور پر مقدمہ درج کر کے معاملے کی قانونی تفتیش شروع کر دی ہے، اور پولیس حکام کا کہنا ہے کہ تمام الزامات کا باریک بینی سے جائزہ لیا جا رہا ہے۔

متعلقہ عنوان :