سپاٹ فکسنگ میں ملوث ہونے کی سزا،محمد عامر کو دورہ انگلینڈ کے لئے ویزہ جاری نہ ہونے کا خدشہ،’ محمد عامر کاکیس اس بات پر منحصر ہے کہ کہیں ان کا انگلینڈ داخلہ عوامی حقوق کے منافی تو نہیں، امیگریشن وکلاء

ہفتہ 23 اپریل 2016 09:25

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔23اپریل۔2016ء)خدشہ ہے کہ قومی کرکٹ ٹیم کے باؤلر محمد عامر کو دورہ انگلینڈ کے لئے ویزہ جاری نہ سکے گا۔ محمد عامر کو انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ میچ کے دوران سپاٹ فکسنگ میں ملوث ہونے پر پانچ سال کے لئے انٹرنیشنل کرکٹ سے دوری کی سزا کا سامنا کرنا پڑا۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق اگرچہ سپاٹ فکسنگ کے جرم میں لگی پابندی ہٹنے کے بعد پاکستان کرکٹ ٹیم میں محمد عامر کی شمولیت ہو گئی ہے اور انہوں نے ورلڈ ٹی 20ورلڈکپ 2016میں اپنی صلاحیتوں کا بھر پور لوہا منوایا اور قومی ٹیم کا ایک اہم حصہ بن گئے ہیں۔

(جاری ہے)

برطانوی امیگریشن وکلا ء نے ڈیلی ٹیلیگراف سے بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ” محمد عامر کاکیس اس بات پر منحصر ہے کہ کہیں ان کا انگلینڈ داخلہ عوامی حقوق کے منافی تو نہیں“۔انہوں نے مزید کہا کہ ”فیصلہ کا اختیار اس امیگریشن آفیسر کے ہاتھ میں ہے جو محمد عامر کے ویزہ کی جانچ پڑتال کرے گا “۔یاد رہے کہ رواں سال ماہ جنوری میں بھی محمد عامر کو دورہ نیوزی لینڈ کے لئے بھی ویزہ مسائل کا سامنا کرنا پڑا تھا تاہم پاکستان اور نیوزی لینڈ کے کرکٹ بورڈ ز کی حمایت کے بعد کیوی امیگریشن حکام نے عامر کو ملک داخلے کی اجازت دے دی تھی۔