وزیر اعلیٰ سندھ کا پولیس شہداء کا معاوضہ 20 لاکھ روپے سے بڑھا کر 60 لاکھ روپے کرنے کا فیصلہ

ہفتہ 23 اپریل 2016 09:21

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔23اپریل۔2016ء) وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے پولیس شہداء کا معاوضہ 20 لاکھ روپے سے بڑھا کر 60 لاکھ روپے کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ جمعہ کو جاری اعلامیہ کے مطابق یہ بات انہوں نے وزیراعلیٰ ہاؤس میں پولیس کی بھرتیوں اور معاوضہ سے متعلق منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئی کہی۔ اجلاس میں چیف سیکرٹری سندھ صدیق میمن، آئی جی پولیس سندھ اے ڈی خواجہ، وزیراعلیٰ سندھ کے پرنسپل سیکریٹری علم الدین بلو و دیگر نے شرکت کی۔

وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ انسانی جان کی کوئی قیمت نہیں ہو سکتی مگر ہماری یہ پوری کوشش ہے کہ ہم اپنے بہادر پولیس اہلکاروں جو کہ اپنے ملک اور عوام کیلئے جام شہادت نوش کرتے ہیں، کے ورثاء کی زیادہ سے زیادہ مالی مدد کر سکیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پولیس شہداء کے ورثاء کو دیا جانے والا 20 لاکھ روپے کا معاوضہ ناکافی ہے لہذا میں نے 20 لاکھ روپے کو بڑھا کر 60 لاکھ روپے کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

انہوں نے آئی جی پولیس سندھ اے ڈی خواجہ کو ہدایت کی کہ وہ اس مقصد کیلئے سمری بھیجیں۔ آئی جی پولیس سندھ نے کہا کہ وزیراعلیٰ سندھ کا شہداء کے ورثاء کیلئے مالی معاوضہ میں اضافے سے پولیس فورس کی بہت زیادہ حوصلہ افزائی ہو گی۔ انہوں نے وزیراعلیٰ سندھ کا ذاتی طور پر سپورٹ کرنے پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہ فوری طور پر سمری ارسال کریں گے۔

متعلقہ عنوان :