سعودی عرب کا مہاجرین کیلئے ساڑھے 7 کروڑ ڈالرز امداد کااعلان

امدادی رقم بین الاقوامی تنظیموں کے ذریعے تقسیم کی جائے گی،سعودی عرب ہمیشہ اسلام کی بنیادی تعلیمات کے مطابق انسانی بحرانوں سے نمٹنے کے لیے کوشاں رہا ہے، شہزادہ محمد بن نائف

جمعہ 23 ستمبر 2016 11:04

ریاض(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔23ستمبر۔2016ء)سعودی عرب نے مہاجرین کے لیے مزید ساڑھے سات کروڑ ڈالرز کی امداد دینے کا اعلان کیا ہے۔یہ امدادی رقم بین الاقوامی تنظیموں کے ذریعے تقسیم کی جائے گی۔سعودی ولی عہد، وزیر داخلہ اور نائب وزیراعظم شہزادہ محمد بن نائف نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اکہترویں سالانہ اجلاس سے خطاب میں سعودی عرب کی جانب سے یہ اضافی رقم دینے کا اعلان کیا ہے۔

انھوں نے کہا کہ سعودی عرب ہمیشہ اسلام کی بنیادی تعلیمات کے مطابق انسانی بحرانوں سے نمٹنے کے لیے کوشاں رہا ہے۔انھوں نے عالمی رہنماؤں کے اجتماع میں بتایا کہ سعودی عرب نے گزشتہ چار عشروں کے دوران انسانی امداد کی مد میں 139 ارب ڈالرز دئیے ہیں۔شہزاد نائف نے کہاکہ سعودی عرب میں تقریباً پچیس لاکھ شامی شہری مقیم ہیں۔

(جاری ہے)

ان کے ساتھ مہاجروں جیسا سلوک نہیں کیا جا رہا ہے اور نہ انھیں مہاجر کیمپوں میں منتقل کیا گیا ہے بلکہ سعودی عرب نے ان کے وقار کا تحفظ کیا ہے اور انھیں نقل وحرکت کی مکمل آزادی دی ہوئی ہے۔

ان کا یہ کہنا بھی تھا کہ سعودی عرب میں رہنے کے خواہاں ہزاروں شامیوں کو اقامتی اجازت نامے دئیے گئے ہیں۔انھوں نے شامی مہاجرین کے حوالے سے مزید بتایا کہ سعودی عرب نے انھیں لیبر مارکیٹ تک رسائی دی ہے اور انھیں صحت اور تعلیم کی سہولتیں مفت مہیا کی جارہی ہیں۔ایک لاکھ اکتالیس ہزار سے زیادہ شامی بچے تعلیمی اداروں میں مفت تعلیم حاصل کررہے ہیں۔ان خدمات کے علاوہ سعودی عرب ہمسایہ ممالک میں مقیم لاکھوں شامی مہاجرین کے لیے بھی امداد مہیا کررہا ہے
؂

متعلقہ عنوان :