نیب کراچی نے سیکرٹری بلدیات کے دفتر پر چھاپہ مار کر سیکرٹری کے پی ایس کو حراست میں لے لیا

دیگرکاروائیوں میں زمینوں کے اسکینڈل میں ملوث تین افراد کو گرفتار کرلیا، ڈی ایم سی غربی کے دفتر پر بھی چھاپہ ، مختلف فائلیں قبضے میں لے لیں

بدھ 18 اپریل 2018 21:38

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ بدھ 18 اپریل 2018ء)نیب کراچی نے سیکرٹری بلدیات کے دفتر پر چھاپہ مار کر سیکرٹری کے پی ایس کو حراست میں لے لیا جبکہ دیگرکاروائیوں میں زمینوں کے اسکینڈل میں ملوث تین افراد کو گرفتار کرلیا۔ڈی ایم سی ویسٹ کے گرفتار ملازم جاوید قمر کی نشاندہی پر ڈسٹرکٹ میونسپل کارپوریشن غربی کے دفتر پر بھی نیب ٹیم نے چھاپہ مارا۔

ٹیم نے مختلف فائلیں قبضے میں لے لیں۔نیب ذرائع کے مطابق نیب کی ٹیم نے سیکریٹری بلدیات کے دفتر پر چھاپہ مار کارروائی کی، نیب ٹیم کے پہنچنے پر سیکریٹری بلدیات کے دفتر میں موجود عملے کی نیب افسران سے تلخ کلامی ہوئی جس کے بعد سیکریٹری بلدیات کے پی ایس رمضان سولنگی کو حراست میں لے لیا گیا۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق نیب ٹیم نے سیکرٹری بلدیات رمضان اعوان کا موبائل فون اور چھاپہ مار کارروائی میں فائلیں تحویل میں لے لی ہیں۔

ذرائع کے مطابق نیب ٹیم مختلف تعمیراتی منصوبوں سے متعلق فائلیں چھاپہ مار ٹیم ہمراہ لے گئی۔ادھر ڈی ایم سی ویسٹ کے گرفتار ملازم جاوید قمر کی نشاندہی پر ڈسٹرکٹ میونسپل کارپوریشن غربی کے دفتر پر بھی نیب ٹیم نے چھاپہ مارا۔ ٹیم نے مختلف فائلیں قبضے میں لے لیں۔ دوسری طرف نیب نے سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کے افسران کو بھی طلب کر لیا ہے۔

نیب نے دوسری کارروائی کرتے ہوئے زمینوں کے اسکینڈل میں ملوث دو سرکاری افسران سمیت تین ملزمان کو گرفتار کرلیا۔نیب ترجمان کے مطابق حیدرآباد محکمہ ریونیو کے افسر غلام نبی ملاح،ڈائریکٹر سٹی سروے حیدرآباد سمیت شہری حنیف لالانی نے جامشورو کی731 ایکڑ سرکاری زمین پر قبضہ کیا تھا، ایک ملزم کو احتساب عدالت نے نوے دن کے ریمانڈ پر نیب کے حوالے کردیا۔