Crickter Sarfaraz Nawaz Ne Adakara Rani Ko Talaq De Kar Apni Shadi Confirm Kar Di - Article No. 2199

Crickter Sarfaraz Nawaz Ne Adakara Rani Ko Talaq De Kar Apni Shadi Confirm Kar Di

کرکٹر سرفراز نواز صاحب نے اداکارہ رانی کو طلاق دے کر اپنی شادی کنفرم کردی - تحریر نمبر 2199

کرکٹر سرفراز نواز صاحب نے اداکارہ رانی کو طلاق دے کر اپنی شادی کنفرم کردی مگر ساتھ ہی کئی اداکاراﺅں کی شادیاں مشکوک قرار دے دیں فرمایا ان سب کی شادیاں بس زبانی کلامی ہوتی ہیں

یونس بٹ بدھ 14 مارچ 2018

ڈاکٹرمحمو یونس بٹ
لندن میں تو آج کل شاہی خاندان کی وجہ سے طلاق لینا اسقدر فیشن بن گیا ہے کہ وہاں تو وہ عورتیں بھی طلاق کے حصول کے لئے کوشاں ہیں جن کی ابھی شادی بھی نہیں ہوئی ہمارے ہاں بھی”شاہی“خاندان اور فلمی اداکاراﺅں کی شادیوں کا لوگوں کواسی دن پتا چلتا ہے جس روز ان کی طلاق ہوتی ہے سو جن کی سال دو سال میں طلاق نہ ہو لوگ ان کے میاںبیوی ہونے پر شک کرنے لگتے ہیں کرکٹر سرفراز نواز صاحب نے اداکارہ رانی کو طلاق دے کر اپنی شادی کنفرم کردی مگر ساتھ ہی کئی اداکاراﺅں کی شادیاں مشکوک قرار دے دیں فرمایا ان سب کی شادیاں بس زبانی کلامی ہوتی ہیں گویاں ان کے منہ بولے شوہر ہوتے ہیں۔


صاحب بندہ ایک بار کسی اداکارہ سے شادی کرلے پھر وہ ایسے کام چھوڑ بھی دے مگر لوگ اسے اس لذیذہ کا سابق شوہر ہی کہیں گے وہ بھی یوں جیسے کہتے ہیں یہ فلاں کا بیٹھا ہے فلاں کا باپ ہے سرفراز نواز صاحب ہمارے ایسے فاسٹ باﺅلر رہے ہیں جن کا اوور بعد میں ہوتا وہ پہلے اوور ہوجاتے بلکہ ان کی گیند سے بیسٹمین تو کہیں بعد میں جاکر آوٹ ہوتے یہ پہلے ہی آﺅٹ ہوجاتے اب بھی وہ 100 ہارس پاور کی موٹر سائیکل پر بیٹھے ہوں تو اس کی ہارس پاور دو سو ہوجاتی ہے فاسٹ باﺅلر میں سب سے بڑی خامی یہی ہوتی ہے کہ وہ بڑا فاسٹ ہوتا ہے یوں اس بولڈ کو رانی نے کلین بولڈ کردیا ۔

(جاری ہے)

رانی ہماری ہماری بڑی نورجہاندیدہ اداکارہ تھیں ان کی زندگی میں بڑے نشیب و سرفراز آئے وہ بڑی منجھی ہوئی اداکارہ اور بیوی تھیں کہتے ہیں ایک ایسی ہی اداکارہ کا دو نمبر خاوند اسے اس لیے چھوڑ گیا کہ سب اسے دو نمبر خاوند کہتے ہیں تاہم ہم نے یہ پتہ چلانے کی کوشش کی کہ آخر سرفراز نواز نے رانی کو طلاق کیوں دی؟یہی پتہ چلا کہ اس کی واحد وجہ یہ ہے کہااس نے رانی سے شادی کی تھی اگرچہ کسی اداکارہ سے شادی وہی کرتا ہے جس کا فی الحال شادی کرنے کا کوئی پروگرام نہیں ہوتا شادی کے بعد سرفراز نواز صاحب نے ایک قریبی دوست سے پوچھا کہ اداکارہ سے شادی کرنے کے بعد بندے کو کیا کرنا چاہیے۔
تو دوست نے کہا پھر بندے کو کچھ نہیں کرنا چاہیے۔بہر حال سرفراز نواز صاحب نے رانی کو طلاق دے کر سمجھا ہے انہوں نے پوری فلم انڈسٹری کو طلاق دی وہ ایسا کیوں سمجھتے ہیں اس کی وجہ تو ہمیں معلو م نہیں تاہم انہوں نے زیبا پر نازیبا اور شمیم آراءپر شیم آراءالزام لگائے ہیں کہ ان کے تحریری نکاح نہیں ہوئے ویسے علی زیبا ایک دوسرے کا جس قدر احترام کرتے ہیں ہمیں بھی وہ میاں بیوی نہیں لگتے کہ جن میاں بیوی میں سال میں ایک بار بھی لڑائی نہ ہو یقین کر لیں وہ ایک دوسرے کو میاں بیوی سمجھتے ہی نہیں ۔
یہ تو سب جانتے ہیں کہ فلمی اداکارائیں اپنی غلطیاں اور خاوند چھپاتی ہیں شوہر کسی کو دکھانا بھی پڑجائے تو گزشتہ دکھا کر گزارہ کرلیتی ہیں۔انہیں بھی یوں بلاتی ہیں کہ لگتا ہے شوہر نہیں Show-Her کہہ رہی ہوں ویسے تو ہمارے گاﺅں کی عورتیں بھی اتنی شرمیلی ہوتی ہے کہ کبھی کسی بری اور بے ہودہ چیز کا نام اپنی زبان پر نہیں لاتیں وہ تو خاوند کو بھی نام لے کر نہیں بلاتیں بہر حال جو خاوند آرام کی زندگی گزارنا چاہتے ہیں فلم انڈسٹری ان کی آخری آرام گاہ ہے۔

سرفراز نواز نے اداکاراﺅں کی منہ زبانی شادیوں کا ثبوت دیا ہے کہ ان کے ولیمے نہیں ہوتے جس پر ایک فلمی اداکارہ نے کہا اس حساب سے تو ہم ہر ماہ ولیمے ہی کرتی رہیں فلمیں نہ کریں یاد رہے شادی بیوی کی رخصتی کا دن ہوتا ہے جبکہ ولیمہ خاوند کا اپنے یاروں دوستوں سے رخصتی کا روز اور اداکارہ سے شادی کرنے کی صورت میں تو رخصتی شادی سے بہت پہلے ہوچکی ہوتی ہے یہ بھی تو ممکن ہے کہ نکاح نامے نہ لکھنے کی وجہ اداکاراﺅں کی خاوندگی کی بجائے ناخواندگی ہوکہ انہوں نے شاید ہی کبھی کوئی ڈگری حاصل کی ہو البتہ اکثر نے ڈگری پائی ضرور ہوتی ہے۔

Browse More Urdu Husband And Wife