سابقہ فاٹا اور پاٹا کا معلومات تک رسائی کے قانون کی توسیع ‘پبلک انفارمیشن آفیسرز مقرر کرنے کی ہدایت

پیر 22 اپریل 2019 22:42

پشاور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 اپریل2019ء) خیبرپختونخوا حکومت نے اپنی بہتر طرز حکمرانی کی حکمت عملی کے تحت معلومات تک رسائی کے قانون کو با ضابط طور پرسابقہ فاٹا اور پاٹا تک وسعت دے دی ہے اور رائٹ ٹو انفارمیشن کمیشن نے اس سلسلے میں تمام محکموں اور اداروں کو اس قانون کے عملی نفاذ کے لیے پبلک انفارمیشن آفیسرز مقرر کرنے کی ہدایات جاری کی ہیں۔

سابقہ قبائلی علاقوں تک اس قانون کی توسیع صوبائی حکومت کے اس عزم کا واضح اظہار ہے کہ وہ عوام کو بنیادی حقوق کی فراہمی،اداروں میں شفافیت اور بہتر طرز حکمرانی کو یقینی بنانے میں پوری طرح مخلص ہے۔رائٹ ٹو انفارمیشن کمیشن سے جاری ہونے والے اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ ضم شدہ اضلاع میں اس قانون کے نفاذ سے وہاں کے لوگوں کو سرکاری معلومات تک باآسانی رسائی ممکن ہوسکے گی کیونکہ اس قانون کے تحت عام آدمی کو یہ حق حاصل ہوگا کہ وہ صوبائی حکومت کے محکموں سے سرکاری فنڈ کے استعمال،محکموں میں بھرتیوں،ترقیاتی سکیموں اور ٹھیکوں کے بارے میں معلومات حاصل کریں جس کے نتیجے میں سرکاری اداروں میں شفافیت اور احتساب کے عمل کو تقویت ملے گی،سرکاری افسران کی کارکردگی پر عوام کی نظر ہوگی اور وہ اپنے فرائض منصبی بطریق احسن انجام دیں گے۔

(جاری ہے)

پریس ریلیز میں چیف کمشنر آر ٹی آئی عظمت حنیف اورکزئی نے کہا ہے کہ ضم شدہ اضلاع میں اس قانون کے بارے میں لوگوں کی آگہی کے لیے ایک جامع کمیونیکیشن پلان تیار کیا جا رہا ہے جس کے تحت آگہی سیمیناروں کے انعقاد کے علاوہ ریڈیو اور ٹیلی ویژن چینلز پر ٹاک شوز اور دیگر پروگرام منعقد کئے جائیں گے۔

متعلقہ عنوان :

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں