صحت کارڈ پرخیبر پختونخوا میں یکم رمضان سے اب تک ایک لاکھ افراد کا مفت علاج مکمل

پیر 13 مئی 2024 17:33

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 مئی2024ء) خیبر پختونخوا کے وزیر صحت سید قاسم علی شاہ کا کہنا ہے کہ صحت کارڈ پرخیبر پختونخوا کے 1 لاکھ افراد مفت علاج کی سہولیات سے مستفید ہوئے ہیں۔اپنے بیان میں قاسم علی شاہ نے کہا ہے کہ صوبے میں اب تک صحت کارڈ پر کیے گئے مفت علاج پر 2.7 ارب روپے لاگت آئی ہے، یکم رمضان سے اب تک صحت کارڈ پر ایک لاکھ سے زائد افراد کا مفت علاج کیا جاچکا ہے جو کہ ملک اور صوبے کے مختلف ہسپتالوں میں داخل خیبرپختونخوا کے شہریوں کا کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

سید قاسم علی شاہ نے کہا کہ صحت کارڈ پینل پر رجسٹرڈ ہسپتالوں میں معیار جانچنے کیلئے جائزہ جاری ہے، جو بھی ہسپتال معیار پر سمجھوتہ کرے گا انہیں پینل سے ہٹادیا جائے گا، صحت کارڈ کے استعمال سے سرکاری ہسپتالوں کی خدمات میں بھی بہتری آئی ہے۔ان کا کہنا ہے کہ صحت کارڈ کی بحالی پر عوامی نمائندہ کی حیثیت سے وزیراعلی علی امین گنڈاپور کا شکریہ ادا کرتا ہوں ،2015 میں صحت کارڈ کا آغاز صوبے کے چار اضلاع سے کیا گیا تھا۔ 2020 میں پورے صوبے تک توسیع پر صحت کارڈ کاسالانہ خرچہ 18 ارب روپے تھا، الحمداللہ خیبرپختونخوا میں صحت کارڈ کی خدمات بحال ہوچکی ہیں، صحت کارڈ ایک جُزوقتی نہیں بلکہ دیر پا پراجیکٹ ہے۔

متعلقہ عنوان :

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں