وفاقی محتسب اعجازاحمد قریشی کی مداخلت سے آرمی کے ایک ریٹائرڈ اہلکار کو CMA سے بقایاجات کی ادائیگی ممکن ہوئی

بدھ 15 مئی 2024 23:17

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 15 مئی2024ء) وفاقی محتسب اعجاز احمد قریشی کی مداخلت سے آرمی کے ایک ریٹائرڈ اہلکار کو سروس کے بقایات کی مد میں 286, 994/- کی ادائیگی ممکن ہوئی۔ واضح ہو کہ ایبٹ آباد سے تعلق رکھنے والے آرمی کے ایک ریٹائرڈ اہلکار فرید خان نے وفاقی محتسب سیکرٹریٹ ریجنل آفس ایبٹ آباد میں CMA لاہور میںسروس کے بقایاجات جو عرصہ دراز سے التوا کا شکار تھے کی وصولی کے لئے شکایت دائر کی۔

شکایت موصول ہونے کے فوری بعدCMA کے ارباب اختیار کو نوٹس جاری کئے اور شکایت کے حوالے سے فوری رپورٹ طلب کی ۔ شکایت کی مکمل چھان بین کے بعد وفاقی محتسب اعجاز احمد قریشی نے سائل کے حق میں فیصلہ دے کر CMAکے اعلیٰ افسران کو شکایت کنندہ فرید خان کو سروس کے بقایاجات کو فوری ادا کرنے کے احکامات صادر کئے ۔

(جاری ہے)

وفاقی محتسب کے فیصلے کی روشنی میں سائل فرید خان کو مبلغ 286, 994/- کی ادائیگی ممکن ہوئی۔

اس موقع پر دونوں شکایت دہندہ فرید خان نے وفاقی محتسب اعجاز احمد قریشی اور ریجنل ہیڈ عبدالغفور بیگ کا شکریہ ادا کیا جن کی وساطت سے ان کا دیرینہ مسئلہ حل ہوا۔ اس موقع پر عبدالغفور بیگ نے کہا ہے کہ وفاقی محتسب کا ادارہ ایک عوامی عدالت ہے جہاں فوری اور سستا انصاف فراہم کرنا اس کا نصب العین ہے ۔ عبدالغفور بیگ نے کہا کہ وفاقی محتسب غریب لوگوں کی عدالت کے طور پر معروف ہے جو عوامی مسائل کے حل میں ہراول دستہ کی حیثیت رکھتا ہے ۔

انہوں نے مزید کہا کہ وفاقی محتسب میں عوام الناس کو ان کی دہلیز پر انصاف فراہم کرنے کے لئے بھی مختلف پروگرام جاری رکھے ہوئے ہیں جن میں تحصیل کی سطح پر کھلی کچہریوں کا انعقاد ہیں تاکہ دور دراز کے عوام اپنی شکایات وفاقی محتسب کے مجاز افسران کو پیش کر سکیں۔ اسی ضمن میں 20 مئی بروز پیر تحصیل ہال لورہ میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا گیا ہے ۔ عبدالغفور بیگ نے مزید کہا کہ کھلی کچہریاں عوام الناس کے مسائل حل ہونے میں آسانیاں فراہم کر رہا ہے۔ لہذا عوام الناس اپنے مسائل اور شکایات کے حل کے لئے وفاقی محتسب کے ادارے سے رابطہ کرکے مستفید ہوں۔

متعلقہ عنوان :

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں