خیبرپختونخوا فوڈ سیفٹی اینڈ حلال فوڈ اتھارٹی نے جعلی و مضر صحت مشروبات کا دھندہ کرنے والوں کے خلاف کریک ڈائون کا آغاز کر دیا

جمعرات 16 مئی 2024 18:50

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 مئی2024ء) خیبرپختونخوا فوڈ سیفٹی اینڈ حلال فوڈ اتھارٹی نے ملاوٹ مافیا کے خلاف گھیرا تنگ کرتے ہوئے جعلی اور مضر صحت مشروبات کا دھندہ کرنے والوں کے خلاف کریک ڈائون کا آغاز کر دیا ہے۔ اس سلسلے میں ترجمان فوڈ سیفٹی اتھارٹی نے تفصیلات جاری کرتے ہوئے بتایا کہ گزشتہ روز فوڈ سیفٹی ٹیموں نے ضلع صوابی، مردان اور لوئر دیر میں مختلف مقامات پر چھاپے مارے، فوڈ سیفٹی ٹیم صوابی نے گودام سے1 ہزار لیٹر سے زائد جعلی مشروبات پکڑ کر ضبط کر لیے ۔

دوسری کارروائی کے دوران فوڈ سیفٹی ٹیم مردان نے تحت بھائی میں ایک ہول سیلر سے 50 لیٹر جعلی مشروبات اور ایک دکان سے مس لیبل کولڈ ڈرنکس جبکہ ایک دکان سے ممنوع اشیاء برآمد کرکے ضبط کرتے ہوئے قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا۔

(جاری ہے)

ترجمان نے مزید بتایا کہ ملاکنڈ یونیورسٹی کی کینٹین اور بازار میں مختلف ہوٹل ،جوس شاپس، تندور اور جنرل سٹورز کے بھی معائنے کیے گئے اور ایک دوکان سے 65 لیٹر سے زیادہ ایکسپایرڈ مشروبات برآمد کرکے موقع پر تلف کر دیئے گئے۔

فوڈ سیفٹی ٹیم نے حفظانِ صحت کے اصولوں کی خلاف ورزی پر بھاری جرمانے عائد کرتے ہوئے بہتری کے نوٹسز بھی جاری کیے۔ ڈائریکٹر جنرل فوڈ سیفٹی اتھارٹی وآصف سعید نے فوڈ سیفٹی ٹیموں کی کامیاب کارروائیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ صوبہ بھر میں غیر معیاری اور جعلی کولڈ ڈرنکس شاپس کیخلاف کریک ڈاؤن جاری ہے، شہریوں کی صحت سے کھلواڑ کھیلنے والوں کیخلاف آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں