مستقبل قریب میں میڈیا ماس کمیونی کیشن اور لا کے ڈگری کورسز شروع کرنے جا رہےہیں،وائس چانسلر ویمنزیونیورسٹی سیالکوٹ

بدھ 15 مئی 2024 21:10

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 مئی2024ء) گورنمنٹ کالج ویمن یونیورسٹی (جی سی ڈبلیو یونیورسٹی) کی وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر زریں فاطمہ رضوی نے کہا ہے کہ مستقبل قریب میں میڈیا ماس کمیونی کیشن اور لا کے ڈگری کورسز شروع کرنے جا رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر رجسٹرار جی سی ڈبلیو یو پروفیسر ڈاکٹر الیاس، پروفیسر ڈاکٹر یاسر منج، پروفیسر ڈاکٹر افضل بٹ اور پروفیسر ڈاکٹر ولید خان کے علاوہ دیگر بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

وی سی پروفیسر ڈاکٹر زریں فاطمہ رضوی نے مزید کہا کہ جی سی ڈبلیو یو سیالکوٹ شہر میں خواتین کے لیے سب سے قدیم اور نمایاں تعلیمی اداروں میں سے ایک ہے ، یہاں خواتین کو تعلیم کی فراہمی کی تاریخ ایک صدی سے زائد عرصہ پر محیط ہے۔ انہوں نے کہا کہ قانون اور ماس کمیونیکیشن جیسے مضامین کا مطالعہ یقینی طور پر مساوی مسابقت کے موجودہ جدید دور میں خواتین کو بااختیار بنانے میں مددگار ثابت ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی اس سال اکتوبر میں سری لنکا میں ہونے والی کانفرنس میں بھی شرکت کرے گی۔ انہوں نے مزید بتایا کہ یونیورسٹی کا ایک بڑا حصہ جلد ہی ایمن آباد روڈ پر نئے تعمیر شدہ امام بی بی کیمپس میں منتقل ہو جائے گا۔

متعلقہ عنوان :

سیالکوٹ میں شائع ہونے والی مزید خبریں