نیر سلطانہ کی سترہویں برسی منائی گئی

منگل 27 اکتوبر 2009 12:17

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 27 اکتوبر ۔2009ء) ماضی کی معروف اداکارہ نیر سلطانہ کی سترھویں برسی کل منگل کو منائی گئی۔طیبہ عشرت المعروف نئیر سلطانہ کا گھرانہ علی گڑھ بھارت سے پاکستان منتقل ہوا۔تہذیب، وقار اور رکھ رکھاوی ان کی شخصیت کا خاصہ تھے۔ قدرت نے انہیں حسین سراپا، خوبصورت لب و لہجہ اور پر نور چہرہ عطا کیا تھا۔ اس باکمال فنکارہ کو انور کمال پاشا نے انیس سو پچپن میں اپنی فلم "قاتل"میں متعارف کروایا تھا۔

سنتوش کمار نے جب صبیحہ خانم کو زندگی کا ساتھی بنایا تو ان کے چھوٹے بھائی درپن نے اپنے لئے پروقار اور پڑھی لکھی نئیر سلطانہ کا انتخاب کیا۔یہ وہ دور تھا جب فلم انڈسٹری پر سنتوش فیملی کا طوطی بول رہا تھا ۔ درپن اور نئیر سلطانہ کو پردہ ا سکرین کی حسین ترین جوڑی ہونے کا اعزاز حاصل رہا۔

(جاری ہے)

باجی، سہیلی اور گھونگھٹ جیسی فلموں کی ہیروئن نئیر سلطانہ کے کیرئیر کا دوسرا دور کریکٹر ایکٹریس کا تھا، جس میں انہوں نے خود کو منوایا اور ملکہ جذبات کہلائیں۔

کینسر کا جان لیوا مرض ان کی جان لے کر رہا اور وہ ستائیس اکتوبر انیس سو بانوے کو اپنے شوہر کے پہلو میں ابدی نیند جا سوئیں۔نئیر سلطانہ نے اپنی تعلیم، حسن اور رکھ رکھاوسے پاکستان کی سلورا سکرین کو چار چاند لگا دیئے تھے۔ آج کی اداکاراوں کو ان کے قابل رشک کردار کی تقلید کرنی چاہئے۔
وقت اشاعت : 27/10/2009 - 12:17:47

Rlated Stars :

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :