ورلڈ الیون کا دورہ پاکستان ڈی جی سپورٹس پنجاب نے سی سی ٹی وی کنٹرول روم میں انتظامات کا جائزہ لیا

نشتر پارک سپورٹس کمپلیکس میں 92سی سی ٹی وی کیمرے نصب ہیں، کمپلیکس کا کوئی کونہ کیمرے کی آنکھ سے اوجھل نہیں، ایک ایک شخص کیمرے کے سامنے ہوگا‘ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب ذوالفقار احمد گھمن کی میڈیا کو بریفنگ

پیر 11 ستمبر 2017 20:12

ورلڈ الیون کا دورہ پاکستان ڈی جی سپورٹس پنجاب نے سی سی ٹی وی کنٹرول روم میں انتظامات کا جائزہ لیا
ْلاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 ستمبر2017ء) ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب ذوالفقار احمد گھمن نے ورلڈ الیون کے دورہ پاکستان کی سکیورٹی کے حوالے سے پیر کے روز نشتر پارک سپورٹس کمپلیکس میں سپورٹس بورڈ پنجاب کے سی سی ٹی وی کنٹرول روم میں انتظامات کا جائزہ لیا۔میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے ڈی جی سپورٹس پنجاب نے بتایا کہ ورلڈ الیون کے دورہ پاکستان کی فول پروف سکیورٹی کے لئے نشتر پارک سپورٹس کمپلیکس میں 92سی سی ٹی وی کیمرے نصب کئے گئے ہیں، کمپلیکس کا کوئی بھی کونہ کیمرے کی آنکھ سے اوجھل نہیں ہے، قذافی سٹیڈیم کے اندر اور باہر ایک ایک شخص کیمرے کے سامنے ہوگااور اس کی ہر حرکت سکیورٹی اہلکاروں کی نظر کے سامنے ہوگی۔

انہوں نے بتایا کہ لیسکو نے یقین دہانی کرائی ہے کہ ورلڈ الیون کے دورہ پاکستان کے موقع پر 15ستمبر تک نشتر پارک سپورٹس کمپلیکس کو بلا تعطل بجلی فراہم کی جائے گی۔

(جاری ہے)

اس کے علاوہ بھی سپورٹس بورڈ پنجاب نے بجلی کی بلا تعطل فراہمی کیلئے متبادل انتظامات کئے ہیں جن میں جنریٹرز اور یوپی ایس شامل ہیں جن کا بیک اپ 15گھنٹوں کا ہے۔ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب ذوالفقار احمد گھمن نے مزید بتایا کہ نیشنل ہاکی سٹیدیم میں ایمر جنسی رسپانس سنٹر بھی قائم کردیا گیا ہے جس میں تمام محکموں کے افسران ہمہ وقت موجود ہوں گے جو کہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لئے فوری طور پر حرکت میں آجائیں گے اس کے علاوہ 20بستروں پر مشتمل عارضی ہسپتال بھی نیشنل ہاکی سٹیڈیم میں قائم کردیا گیا ہے جس میں آپریشن تھیٹر اور بلڈ بنک بھی ہے ، عارضی ہسپتال میں ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل سٹاف نے فرائض سرانجام دینا شروع کردیئے ہیں۔

ایک سوال کے جواب میں ڈی جی سپورٹس پنجاب نے کہا کہ ورلڈ الیون کے دورہ پاکستان کیلئے بہترین انتظامات کئے گئے ہیں اور ہم پرامید ہیں کہ ورلڈ الیون کا دورہ بہت کامیاب ہوگا جس سے دنیا میں پاکستان کا امیج بہتر ہوگا اور پاکستان کیلئے انٹرنیشنل سپورٹس کے دروازے کھلیں گے۔
وقت اشاعت : 11/09/2017 - 20:12:42

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :