زینب قتل کیس کے بارے میں ابہام پیدا کرنا تفتیش پر اثرانداز ہونے کے مترادف ہے‘ شہباز شریف

سانحہ قصور میں سوفیصد حقائق پر مبنی انوسٹی گیشن یقینی بنائی جائیگی،تفتیش میں بہترین پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو بروئے کار لایا جائے غلطی اورکوتاہی ہرگزنہیں ہونی چاہیے،کیس کی تحقیقات کیلئے سٹیٹ بینک، نادرا اور دیگر اداروں کے ریکارڈ سے مدد لی جائیگی فرانزک لیب ریکارڈ میں عاصمہ کا ڈی این اے ٹیسٹ مکمل ہو چکا ہے، مزید تعاون کیلئے بھی تیار ہیں‘وزیراعلیٰ پنجاب کی زیر صدارت کابینہ کمیٹی برائے امن وامان کی سب کمیٹی کااجلاس،سانحہ قصور پر پیشرفت اوردیگر امور کا جائزہ

جمعہ 26 جنوری 2018 19:45

زینب قتل کیس کے بارے میں ابہام پیدا کرنا تفتیش پر اثرانداز ہونے کے مترادف ہے‘ شہباز شریف
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 جنوری2018ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کی زیرصدارت یہاں کابینہ کی سب کمیٹی برائے امن و امان کا اجلاس منعقد ہوا ۔وزیراعلیٰ شہبازشریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سانحہ قصور میں سوفیصد حقائق پر مبنی انوسٹی گیشن یقینی بنائی جائے گی۔جے آئی ٹی پروفیشنل انداز میں تفتیش کر رہی ہے۔جے آئی ٹی کی تفتیش میں غلطی اور کوتاہی کا احتمال ہرگز نہیں ہونا چاہیئے۔

تفتیش میں بہترین پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو بروئے کار لایا جائے۔قصور میں زینب کیساتھ ظلم پوری قوم کیلئے لمحہ فکریہ ہے۔ ایسے واقعات کے سدباب کیلئے معاشرے کا ہر فرد اپنی سماجی ذمہ داری ادا کرے۔اگر کسی کے پاس زینب قتل کیس کے بارے میں شواہد موجود ہیں تو جے آئی ٹی سے رابطہ کیا جائے۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا کہ زینب قوم کی بیٹی تھی، قاتل کو انجام تک پہنچانے کے لئے بھرپور محنت کر رہے ہیں۔

زینب قتل کیس کے بارے میں ابہام پیدا کرنا تفتیش پر اثرانداز ہونے کے مترادف ہے اورزینب قتل کیس کی حساسیت کو مدنظر رکھتے ہوئے میڈیا اپنی سماجی ذمہ داری ادا کرے۔ملزم کی گرفتاری تحقیقاتی ٹیموں کی شبانہ روز محنت کا نتیجہ ہے۔معصوم زینب کیساتھ ہونیوالے ظلم اور زیادتی نے پوری قوم کو ہیجان میں مبتلا کر دیا تھا۔ انہوںنے کہاکہ کیس کی تحقیقات کیلئے سٹیٹ بینک، نادرا اور دیگر اداروں کے ریکارڈ سے مدد لی جائے گی۔

انہوںنے کہا کہ مردان کی عاصمہ بھی قوم کی بیٹی ہے، اس پر ہونیوالے ظلم پر بے حد رنجیدہ ہیں۔فرانزک لیب ریکارڈ میں عاصمہ کا ڈی این اے ٹیسٹ مکمل ہو چکا ہے، مزید تعاون کیلئے بھی تیار ہیں۔ صوبائی وزیر کرنل (ر) سردار ایوب گادھی، ترجما ن حکومت پنجاب ملک محمد احمد خان، مشیر رانا مقبول احمد، چیف سیکرٹری، انسپکٹر جنرل پولیس، ڈی جی پنجاب فرانزک سائنس ایجنسی، ایڈووکیٹ جنرل پنجاب، ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل اور دیگر متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت جبکہ صوبائی وزیر جہانگیر خانزادہ اٹک سے اور سٹیٹ بینک آف پنجاب کے ڈائریکٹر بینکنگ پالیسیز اینڈ ریگولیشن ڈپارٹمنٹ اختر جاوید ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے۔
وقت اشاعت : 26/01/2018 - 19:45:33

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :