پاکستان فلم انڈسٹری کی ترقی کیلئے انقلابی اقدامات کی ضرورت ہے،ہدایتکار الطاف حسین

جمعرات 23 جنوری 2020 14:18

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 جنوری2020ء) 80سے زائد پنجابی اور اردو فلموں کے ہدایت کار الطاف حسین نے کہا ہے کہ پاکستان فلم انڈسٹری کی ترقی کیلئے انقلابی اقدامات کرنے کی ضرورت ہے اس کیلئے خاص طور پر لاہور میں موجود سینئر فلم سازوں اور فلم پروڈیوسر ایسوسی ایشن کو بھی سنجیدگی سے آگے آنے کی ضرورت ہے۔ جمعرات کے روز یہاں ’’ اے پی پی ‘‘ سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ لاہور فلم انڈسٹری کا اہم مرکز رہا ہے ،جب تک لاہور میں فلم سازی نہیں بڑھے گی ، فلم انڈسٹری کو خسارے سے کوئی نہیں بچا سکتا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان فلم انڈسٹری کو ترقی دینے کیلئے حکومتی امداد بہت ضروری ہے‘ اس سلسلے میں حکومت کو چاہئے کہ وہ پرانے اور تجربہ کار فلم ڈائریکٹر زسے فلمیں بنوائیں اور انہیں آسان شرائط پر قرضے فراہم کئے جائیں۔

(جاری ہے)

الطاف حسین نے کہا کہ مجھ سمیت فلم انڈسٹری میں بہت سے تجربہ کار ڈائریکٹرز موجود ہیں جو آج بھی یاد گار‘ معیاری اور سپرہٹ فلمیں بنا سکتے ہیں‘ بات مواقع ملنے کی ہے‘ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ میری 80 سے زائد فلموں میں بیشتر فلمیں کامیاب رہی ہیں، اس طرح ہدایت کار اقبال کشمیری‘ سید نور ‘ دائود بٹ اور دیگر فلم ڈائریکٹرز آج بھی کامیاب فلمیں بنا سکتے ہیں‘ انہوں نے کہا کہ موجودہ صورتحال میں بعض ڈائریکٹرز‘ پروڈیوسرز غیر معیاری فلمیں بنا کر فلم انڈسٹری کو نقصان پہنچا رہے ہیں‘ ایسے لوگوں کی روک تھام بہت ضروری ہے‘ الطاف حسین نے کہا کہ آج بھی اگر اچھی معیاری فلموں کو فروغ دیا جائے تو اس سے سینما انڈسٹری اپنے پائوں پر کھڑی ہو سکتی ہے ‘ انہوں نے کہا کہ سینما مالکان کی اکثریت کو بھی چاہئے کہ وہ فلم سازی کریں تاکہ سینما گھروں کی رونق میں اضافہ ہو سکے۔

وقت اشاعت : 23/01/2020 - 14:18:30

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :