عدنان سمیع کو ایوارڈ دینے پر بھارتی اداکارہ کی مودی سرکار پر تنقید

پیر 3 فروری 2020 16:46

عدنان سمیع کو ایوارڈ دینے پر بھارتی اداکارہ کی مودی سرکار پر تنقید
ممبئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 فروری2020ء) بالی وڈ اداکارہ سوارا بھاسکر نے گلوکار عدنان سمیع کو ’پدما شری ایوارڈ‘ دینے پر بھارتی حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاہے کہ بی جے پی کو پاکستان سے محبت ہے ، یہی وجہ ہے عدنان سمیع کو پدما شری ایوارڈ سے نوازا ہے۔تفصیلات کے مطابق بالی وڈ اداکارہ سوارا بھاسکر نے بھارت میں جاری متنازع شہریت قانون کے خلاف جاری احتجاجی مظاہروں کے خلاف آواز اٹھائی تھی۔

اداکارہ سوارا بھاسکر نے شہریت ترمیمی قانون کے خلاف احتجاج کے دوران مودی سرکار کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ ’بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کو پاکستان سے محبت ہے اور یہی وجہ ہے کہ اٴْنہوں نے سابق پاکستانی گلوکار عدنان سمیع کو پدما شری ایوارڈ سے نوازا ہے‘۔

(جاری ہے)

اداکارہ نے کہا کہ ایک طرف بی جے پی ہم جیسے لوگوں کو یعنی متنازع شہریت قانون کے خلاف احتجاج کرنے والوں کو گالیاں دیتی ہے، ہم پر تشدد کرتی ہے، لاٹھی چارج کرتی ہے اور دوسری طرف یہ ایک پاکستانی گلوکار کو پدما شری ایوارڈ سے نوازتی ہے۔

انہوں نے کہاکہ عدنان سمیع نے حکومت کا دل اور ذہن دونوں جیت لیا ہے جب ہی تو انہیں اس ایوارڈ سے نوازا جا رہا ہے اور ہم سے ہمارا حق چھینا جارہا ہے۔سوارا نے کہا کہ ہماری حکومت کو ہر طرف صرف پاکستان ہی نظر آتا ہے، مودی سرکار نفرت کی سیاست پھیلانے کے علاوہ کچھ نہیں کر رہی۔
وقت اشاعت : 03/02/2020 - 16:46:19

Rlated Stars :

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :