"ارطغرل غازی" کے سحرمیں مبتلا پاکستانیوں نے ترکی جانے کیلیے ترک ائیرلائن میں بکنگ کا ریکارڈ قائم کردیا

ترک ائیر لائن نے پہلی پرواز کے لیے بکنگ کا آغاز کردیا، پاکستانی سیاح ترکی میں سب سے پہلے ارطغرل کے مقبرے کی زیارت کے خواہاں، ٹریول ایجنسیوں نےخصوصی پیکج تیار کرلیے

Usman Khadim Kamboh عثمان خادم کمبوہ جمعرات 14 مئی 2020 20:52

"ارطغرل غازی" کے سحرمیں مبتلا پاکستانیوں نے ترکی جانے کیلیے ترک ائیرلائن میں بکنگ کا ریکارڈ قائم کردیا
لاہور (اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔14مئی 2020ء) "ارطغرل غازی" کے سحرمیں مبتلا پاکستانیوں نے ترکی جانے کیلیے ترک ائیرلائن میں بکنگ کا ریکارڈ قائم کردیا ہے۔ آج کل پاکستانی سوشل میڈیا پر ہر جانب ترک ڈرامے ارطغرل غازی کے چرچے ہیں۔ ارطغرل غازی ترکی کی تاریخ کا بہت بڑا نام ہے جنہوں نے بہت سی جنگیں لڑیں اور تاریخ میں بہت نام کمایا، ان کی زندگی پر بننے والا ڈرامہ "ارطغرل غازی" آج کل اردو زبان میں ترجمہ کیے جانے کے بعد پاکستان ٹیلی ویژن پر نشر کیا جارہا ہے۔

یہ ڈرامہ خلافت عثمانیہ کی اسلامی تاریخ، کلچر اور روایات پر مبنی ہے جسے ترکی میں بہت بڑی کامیابی کے بعد وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر اردو زبان میں ڈب کر کے پاکستان میں دکھایا جا رہا ہے۔ اس کا مقصد پاکستانی عوام کو اسلام کے سنہری دور سے آگاہ کرنا ہے۔

(جاری ہے)

پاکستان میں ارطغرل ڈرامے کو ریکارڈ حد تک مقبولیت حاصل ہوئی ہے اور ابتدائی پندرہ دنوں میں اس ڈرامہ کے یوٹیوب چینل پر دس لاکھ سبسکرائبرز ہو گئے ہیں جبکہ ڈرامہ کی پہلی قسط کو 10 مئی تک یوٹیوب پر ایک کروڑ 41لاکھ سے زیادہ افراد دیکھ چکے تھے۔

اس کی ابتدائی قسطوں نے ہی لوگوں کو اپنے سحر میں جکڑ لیا ہے جس کے بعد پاکستانی ترکی جانے کے خواب دیکھ رہے ہیں اور جو لوگ سفر کر سکتے ہیں انہوں نے کورونا وبا کے باوجود ترکی جانے کی منصوبہ بندی شروع کردی ہے۔ جس کے بعد سے ترک ائیر لائن نے بھی اپنی پہلی پرواز کے لیے بکنگ کا آغاز کردیا ہے۔ ترکی کیلئے بکنگ کروانے والے پاکستانی سیاح ترکی میں سب سے پہلے ارطغرل کے مقبرے کی زیارت کے خواہاں ہیں۔

ارطغرل غازی کا مقبرہ
ارطغرل غازی کا مقبرہ
اس ماحول کو دیکھتے ہوئے ٹریول ایجنسیوں نے بھی ترکی کی سیر کے خصوصی پیکج تیار کرلیے ہیں۔ واضح رہے کہ ترکی میں زیادہ تر روس، جرمنی، امریکہ اور برطانیہ کے سیاحوں جاتے ہیں لیکن اب بڑی تعداد میں پاکستانی سیاح بھی ترکی جانے کی تیاری کررہے ہیں اور امید کی جارہی ہے کہ جیسے ہی کورونا کے بعد حالات نارمل سطح پر آ جائیں گے اس کے بعد بڑی تعداد میں پاکستانی سیاحوں کی ترکی جائے گی۔

پاکستانی باشندوں نے گروپوں کے شکل میں ترکی آنے اور سووت میں ارطغرل اور حلیمہ کے مقبرے کی زیارت کرنے اور وہاں پر ان گروپوں کے لیے خصوصی بندو بست کرنے کی بھی درخواست کی ہے۔ ارطغرل اور حلیمہ کے مقبرے ترکی کے صوبہ بیلیچک کے علاقے سووت میں موجود ہیں، اس کی ایک نشانی یہاں قائم سلطنت عثمانیہ کا آغاز کرنے والے قائی قبیلے کے سردار ارطغرل غازی کا مقبرہ ہے۔ ارطغرل کی قبر کے پہلو میں سلطنت عثمانیہ کے زیر اثر رہنے والے تمام ممالک سے لائی گئی خاک کو بڑی ترتیب کے ساتھ چھوٹی چھوٹی ڈبیاوں میں سجا کر رکھا گیا ہے۔
ارطغرل غازی کے مزار کے احاطے میں ان کی اہلیہ حلیمہ خاتون اور انکے بیٹے ساوجی کے کی قبریں بھی موجود ہیں۔
وقت اشاعت : 14/05/2020 - 20:52:34

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :