مسجد وزیر خان کا تقدس پامال کرنے پراداکارہ صبا قمر، گلوکار بلال سعید سمیت دیگر کیخلاف مقدمہ درج کرنے کا حکم

جمعرات 13 اگست 2020 23:43

لاہور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 اگست2020ء) لاہور کی سیشن عدالت نے اندرون شہر لاہور کی تاریخی مسجد وزیر خان کا تقدس پامال کرنے پر اندارج مقدمہ کی دائر درخواست پراداکارہ صبا قمر، گلوکار بلال سعید سمیت دیگر کیخلاف قانون کے مطابق مقدمہ درج کرنے کا حکم دے دیا۔ایڈیشنل سیشن جج عتیق الرحمن نے سردار فرحت منظور چانڈیو ایڈووکیٹ کی درخواست پر تحریری حکم جاری کیا۔

عدالت نے تحریری حکم میںقرار دیا کہ ایس ایچ او اکبری گیٹ تھانہ اندراج مقدمہ کی درخواست موصول کے بعد اپنا فرض ادا کرنے میں ناکام رہے،عدالت نے کہا کہ پولیس نے جو رپورٹ پیش کی ہے اس میںمتعلقہ ایس پی کی رپورٹ کے مطابق محکمہ اوقاف کی درخواست پر بلال سعید، صبا قمر، احمد وقاص سمیت دیگر کے خلاف قانونی کارروائی کی جا رہی ہے،پولیس رپورٹ میں محکمہ اوقاف کے ملوث افسروں کو معطل کر کے انکے خلاف کارروائی جاری ہونے کا بھی بیان دیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

دوران سماعت ملزمان کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ محکمہ اوقاف کی اجازت کے بعد وزیر خان مسجد میں ریکارڈنگ کی گئی،ریکارڈنگ کی اجازت کیلئے 30 ہزار روپے فیس بھی ادا کی گئی تھی۔ ملزمان کے وکیل نے عدالت کو آگاہ کیا کہ وزیراعلی پنجاب بھی معاملے کی تحقیقات کا حکم دے چکے ہیں،جبکہ ملزم بلال سعید سوشل میڈیا پر وزیر خان مسجد کے معاملے پر غیر مشروط معافی بھی مانگ چکے ہیں۔

انہوں نے عدالت سے استدعا کی کہ اندراج مقدمہ کی درخواست بلاجواز قرار دے کر مسترد کی جائے۔عدالت کے روبرو درخواستگزار سردار فرحت منظور چانڈیو ایڈووکیٹ نے موقف اختیار کیا کہ اندرون شہر لاہور کی تاریخی حیثیت کی حامل مسجد وزیر خان میں بلال سعید اور صبا قمر پر گانے کی عکسبندی کی گئی، جس سے مسجد کا تقدس پامال کیا، درخواست میں نشاندھی کی گئی کہ مسجد کی توہین اور مسجد کے تقدس کو پامال کرنے کی پوسٹیں سوشل میڈیا پر بھی شئیر کی گئی ہیں، مسجد کے اندر ڈانس اور گانا عکسبند کرکے مسلمانوں کے جذبات کو ٹھیس پہنچائی گئی، درخواست گذار نے عدالت سے استدعا کی کہ صبا قمر، بلال سعید، لائن پروڈیوسر احمد وقاص اور محکمہ اوقاف، کے خلاف مقدمہ درج کرنے کا حکم دیا جائے۔
وقت اشاعت : 13/08/2020 - 23:43:34

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :