امریکی فلم شو کیس کی جانب سے پاکستانی طالبعلموں کیلئے ہالی ووڈ مصنفین سے تربیت کا اہتمام

پاکستان میں ریاستہائے متحدہ امریکہ کے سفارتی مشن نے ہالی ووڈ کے معروف مصنفین کو پاکستان کے طالبعلموں کے لیے اسکرین رائٹنگ کی تربیتی نشست کے لیے مدعو کیا

جمعہ 28 مئی 2021 15:45

امریکی فلم شو کیس کی جانب سے پاکستانی طالبعلموں کیلئے ہالی ووڈ مصنفین سے تربیت کا اہتمام
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 28 مئی2021ء) پاکستان میں ریاستہائے متحدہ امریکہ کے سفارتی مشن نے ہالی ووڈ کے معروف مصنفین کو پاکستان کے طالبعلموں کے لیے اسکرین رائٹنگ کی تربیتی نشست کے لیے مدعو کیا۔ ان میں "بیٹ مین فار ایور "اور "پومپئی "فلموں کی کہانی لکھنے والی جینیٹ بچلر، سب سے زیادہ فروخت ہونے والی کتاب کے مصنف، سکرین رائیٹر اور فلمی فنون کے پروفیسر ایرونگ بیلاٹشے اور ایوارڈ یافتہ سکرین رائیٹر اور استاد ڈونلڈ بوہلنگر شامل تھے۔


یہ دورہ معروف امریکی فلم سفارتکاری پروگرام امریکن فلم شوکیس (اے ایف ایس) کے تحت منعقد کیاگیا، جس کا مقصد امریکی فلم سازوں کو چالیس سے زیادہ ملکوں میں فلمی شعبے سے وابستہ افراد سے جوڑنا ہے۔
پانچ روزہ آن لائن تربیتی نشستوں میں نیشنل کالج آف آرٹس، انڈس ویلی اسکول آف آرٹس، فاطمہ جناح ویمن یونیورسٹی، پشاور یونیورسٹی اور گلگت یونیورسٹی سمیت پاکستان بھر کی مختلف جامعات میں زیر تعلیم فلم اور ذرائع ابلاغ کے علوم کے طالب علموں نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

تربیتی نشستوں کا انعقاد پاکستان میں امریکی سفارتی مشن کی جانب سے پاکستانی فلمی صنعت کے استعداد کار میں اضافہ کرنے کی کوششوں کا حصہ ہے۔
امریکی قائم مقام سفیر اینجیلا پی ایگلر نے اس موقع پر کہا کہ امریکی سفارتی مشن کے لیے یہ امر باعث فخر ہے کہ وہ پاکستان کے فلم سازوں کو معروف امریکی فلم ماہرین تک رسائی فراہم کر رہا ہے۔ فلموں کے ذریعہ کہانیاں اور تجربات بیان کر کےہم اپنے دونوں ملکوں کے درمیان باہمی تعاون اور افہام و تفہیم کو فروغ دے سکتے ہیں۔


فلم ساز ایرونگ بیلاٹشے نے ورکشاپ کے بارے میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں مستقبل کے فلم سازوں کی آوازوں کو مستحکم کرنے سے پاکستان کی منفرد کہانیاں دنیا تک پہنچانے کا موقع میسر آتا ہے۔ فلم ثقافتی اور انفرادی بیانیوں کا تحفظ اور ترویج کرتی ہے اور متنوع نقطہ ہائے نظر کے فروغ کا پلیٹ فارم فراہم کرتی ہے۔
اے ایف ایس امریکی محکمہ خارجہ اور جنوبی کیلیفورنیا یونیورسٹی کے اسکول آف سینما ٹک آرٹس کے درمیان شراکت ہے۔

امریکی سفارتخانوں کے ساتھ کام کرتے ہوئے اے ایف ایس ہر سال امریکی فلم سازوں اور فلم ماہرین کو فلمی کہانی نویسی، ماسٹر کلاسز، تربیتی نشستیں اور پریس سے تعامل کرنے کے لیے سے دنیا بھر میں بھیجتا ہے۔ اے ایف ایس کا ہر پروگرام بات چیت اور مکالمہ کی حوصلہ افزائی کے لیے وضع کیا گیا ہے اور وہ مقامی آبادیوں کو اپنی کہانیاں سنانے کے قابل بناتا ہے۔
وقت اشاعت : 28/05/2021 - 15:45:12

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :