چڑیلز‘ کے بولڈ کردار پر سب سے زیادہ تنقید شوبز والوں نے کی، حنا خواجہ

وقت آ چکا ڈراموں میں ادھیڑ عمر کی خواتین کے کرداروں کو مرکزی اور مضبوط کرداروں کے طور پر دکھایا جائے ڈراما لکھاری ٹی وی مالکان کی فرمائش پر ایک جیسے ڈرامے لکھ رہے ہیں ،چینل مالکان ملٹی نیشنل کمپنیوں کے اشتہارات کی وجہ سے ایک ہی طرح کی کہانیوں کو دکھانے پر مجبور ہیں، انٹرویو

پیر 27 ستمبر 2021 21:50

چڑیلز‘ کے بولڈ کردار پر سب سے زیادہ تنقید شوبز والوں نے کی، حنا خواجہ
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 ستمبر2021ء) سینئر اداکارہ حنا خواجہ بیات نے کہا ہے کہ وقت آ چکا ہے کہ اب ڈراموں میں ادھیڑ عمر کی خواتین کے کرداروں کو مرکزی اور مضبوط کرداروں کے طور پر دکھایا جائے۔ایک انٹرویو میں اداکارہ نے کہاکہ آج کل اکثر ڈراموں کی مرکزی کہانیاں نو عمر لڑکے اور لڑکیوں کے گرد گھومتی ہیں، انہیں ہی مرکزی کرداروں میں دکھایا جاتا ہے، انہیں رومانوی انداز میں دکھایا جاتا ہے، جس کی وجہ سے ڈرامے یکسانیت کا شکار دکھائی دیتے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ ڈراموں میں ادھیڑ عمر کی خواتین کے مرکزی کرداروں کو دکھائے جانے سے ازخود ڈراموں کی کہانیاں تبدیل ہوجائیں گی۔انہوں نے سوال کیا کہ اگر ڈرامے میں ’بہو‘ کو مرکزی کردار میں دکھایا جا سکتا ہے تو ایک ’ساس‘ کو مرکزی روپ میں کیوں نہیں دکھایا جا سکتا۔

(جاری ہے)

انہوں نے دعویٰ کیا کہ آج کل کے ڈراما لکھاری ٹی وی مالکان کی فرمائش پر تقریباً ایک جیسے ہی ڈرامے لکھ رہے ہیں جب کہ چینل مالکان ملٹی نیشنل کمپنیوں کے اشتہارات کی وجہ سے ایک ہی طرح کی کہانیوں کو دکھانے پر مجبور ہیں۔

انہوں نے ویب سیریز ’چڑیلز‘ میں اپنے بولڈ کردار پر بھی بات کی اور اعتراف کیا کہ انہوں نے اپنی مرضی سے ’شیری‘ نامی کردار کا انتخاب کیا تھا۔اداکارہ نے بتایا کہ ’چڑیلز‘ کے ہدایت کار عاصم عباسی نے انہیں تین کرداروں میں سے کسی ایک کا انتخاب کرنے کا کہا تھا، جس میں سے انہوں نے ’شیری‘ نامی ملازمت پیشہ خاتون کا کردار منتخب کیا۔حنا خواجہ بیات نے کہا کہ مذکورہ کردار اس لیے منتخب کیا، کیوں کہ ایسے کردار ہمارے سماج میں بہت زیادہ ہیں۔

اداکارہ نے کہا کہ ہمارے سماج کی بہت ساری خواتین کو زندگی کی آسائشیں یا مراعات دستیاب نہیں ہیں اور وہ ان کو حاصل کرنے کے لیے ’شیری‘ کی طرح قربانیاں دیتی رہی ہیں۔حنا خواجہ بیات کے مطابق ’شیری‘ کا کردار ادا کرنے پر انہیں سب سے زیادہ شوبز شخصیات نے تنقید کا نشانہ بنایا جب کہ عام افراد نے بھی ان پر تنقید کی مگر ایسی تنقید کی وجہ سے ہی ’چڑیلز‘ کامیاب ہوئی۔
وقت اشاعت : 27/09/2021 - 21:50:41

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :