منیشا کوئرالہ کا کینسر کے سبب ماں نہ بن سکنے پر گہرے دکھ کا اظہار

میری زندگی میں کہیں نہ کہیں کچھ ادھورا رہ گیا ہے، جیسے جیسے آپ بڑے ہوتے ہیں،آپ اپنے بارے میں سچائی کو قبول کرنا شروع کر دیتے ہیں

پیر 13 مئی 2024 11:25

منیشا کوئرالہ کا کینسر کے سبب ماں نہ بن سکنے پر گہرے دکھ کا اظہار
ممبئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 مئی2024ء) بھارت کی معروف سینئر اداکارہ منیشا کوئرالہ نے کینسر کے سبب ماں نہ بن سکنے پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے، اداکارہ کا کہنا ہے کہ انہوں نے قدرت کے اس فیصلے کے ساتھ سمجھوتہ کر لیا ہے۔کینسر سے جنگ جیتنے اور فلم انڈسٹری سے طویل عرصہ دور رہنے کے بعد اداکارہ منیشا کوئرالہ کو حال ہی میں نیٹ فلکس پر ریلیز ہونے والی سنجے لیلا بھنسالی کی سیریز ’ہیرا منڈی‘ میں دیکھا گیا ہے۔

اس سیریز میں انہوں نے ’ملیکا جان‘ کا مضبوط اور اہم کردار ادا کیا ہے۔یاد رہے کہ منیشا کوئرالہ نے اپنی زندگی میں بہت سے اتار چڑھاؤ دیکھے ہیں۔اداکارہ نے شادی کے دو سال بعد ہی 2012ء میں اپنے شوہر سمرت دہل سے علیحدگی اختیار کر لی تھی۔ سیریز کے کامیاب ہونے پر منیشا کوئرالا نے بھارتی میڈیا ’این ڈی ٹی وی‘ کو حال ہی میں ایک انٹرویو دیا ہے جس میں اٴْنہوں نے اپنی زندگی میں آنے والے بہت سے اتار چڑھاؤ پر بات کی ہے۔

(جاری ہے)

اداکارہ نے گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’میری زندگی میں کہیں نہ کہیں کچھ ادھورا رہ گیا ہے، جیسے جیسے آپ بڑے ہوتے ہیں، آپ اپنے بارے میں سچائی کو قبول کرنا شروع کر دیتے ہیں، بہت سے ایسے خواب ہوتے ہیں جو کہ پورے نہیں ہو پاتے ہیں اور آپ ان کے ساتھ آخر میں سمجھوتہ کر لیتے ہیں۔اداکارہ منیشا کوئرالہ کا مزید کہنا تھا کہ ’ماں نہ بن پانا بھی اٴْن کے کئی خوابوں میں سے ایک خواب تھا، اٴْن میں کینسر کی تشخیص کا سامنے آنا اور ماں نہ بن پانا ایک مشکل مرحلہ تھا لیکن انہوں نے قدرت کے اس فیصلے کو قبول کرلیا ہے۔

واضح رہے کہ اداکارہ منیشا کوئرالہ نے نیپالی بزنس مین سمرت دہل سے 19 جون 2010ء کو شادی کی تھی۔ اداکارہ کی شادی 2 سال بھی نہ چل سکی اور کچھ عرصے بعد ہی اس جوڑی میں علیحدگی ہو گئی۔شادی ٹوٹنے کے بعد منیشا کوئرالہ کو دوسرا بڑا جھٹکا اس وقت لگا جب ان میں کینسر کی تشخیص سامنے آئی۔
وقت اشاعت : 13/05/2024 - 11:25:44

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :