فواد خان کی بالی ووڈ فلم عبیر گلال کی ریلیز غیر معینہ مدت کیلئے موخر کردی گئی

بدھ 30 اپریل 2025 19:54

فواد خان کی بالی ووڈ فلم عبیر گلال کی ریلیز غیر معینہ مدت کیلئے موخر کردی گئی
ممبئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 اپریل2025ء)فواد خان کی بالی ووڈ فلم عبیر گلال کی ریلیز غیر معینہ مدت کیلئے موخر کردی گئی۔مقبوضہ کشمیر کے علاقے پہلگام میں 22اپریل کو ہونیوالے دہشت گرد حملے کے بعد پیدا ہونے والی کشیدگی نے فواد خان کی بالی ووڈ واپسی پر مبنی فلم عبیر گلال کو شدید دھچکا دیا۔بھارتی میڈیا کا دعوی ہے کہ بھارت میں پابندی کے بعد اب یہ فلم پاکستان میں بھی بین کردی گئی ہے جس سے دونوں ممالک کے سنیما انڈسٹری کے درمیان تعاون کا خواب ایک بار پھر دور ہوتا نظر آ رہا ہے۔

فلم میں فواد خان کے ساتھ بھارتی اداکارہ وانی کپور کی موجودگی کو پاکستان میں پابندی کی بڑی وجہ قرار دیا گیا ہے۔بھارتی میڈیا کے مطابق ڈسٹری بیوٹر ستیش آنند نے گفتگو کرتے ہوئے تصدیق کی ہے کہ فلم اب پاکستان میں ریلیز نہیں ہوگی اور یہ فیصلہ بھارت کی جانب سے پاکستانی فنکاروں پر دوبارہ عائد پابندی کے ردعمل میں کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اس پابندی سے پاکستانی فلمی تقسیم کاروں کو کاروباری نقصان کا سامنا بھی ہو سکتا ہے، لیکن موجودہ حالات میں اس فیصلے کو ناگزیر سمجھا جا رہا ہے۔

فواد خان پہلے بھی کپور اینڈ سنز، اے دل ہے مشکل اور خوبصورت جیسی فلموں سے بھارتی ناظرین کے دل جیت چکے تھے۔ وہ 2016 سے بھارتی فلموں سے دور تھے۔ فلم عبیر گلال کی ریلیز 9مئی کو طے تھی لیکن اب اسے غیر معینہ مدت کیلئے موخر کر دیا گیا ہے۔
وقت اشاعت : 30/04/2025 - 19:54:07

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :