جاپانی لوگ اخلاق کے بہت اچھے اور مددگارہیں، بلال مقصود

جاپان میٹرو سٹیشن میں راستہ بھولنے پر 60 سالہ بوڑھے شخص نے مدد کی،ہمارے ٹرین نہ پکڑنے تک وہ ہمارے ساتھ رہا، گلوکار

پیر 5 مئی 2025 22:38

جاپانی لوگ اخلاق کے بہت اچھے اور مددگارہیں، بلال مقصود
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 مئی2025ء)گلوکار بلال مقصود نے ٹوکیو میٹرو سٹیشن پر ہونے والے تجربے بارے بتا دیا۔میڈیا رپورٹ کے مطابق بلال مقصود نے انسٹاگرام پر اپنے مداحوں کو بتایا کہ حالیہ دورہ جاپان کے دوران وہ ٹوکیو میٹرو اسٹیشن پر راستہ بھول گئے تھے۔انہوں نے اپنی پوسٹ میں جاپانی لوگوں کے اخلاق کی تعریف کرتے ہوئے بتایا کہ میں اور میری بیوی ٹوکیو میٹرو اسٹیشن پر ہم غلط راستے پر چلے گئے تھے اور جلد ہی ہمیں اس بات کا احساس بھی ہوگیا تھا تو پھر ہم نے الیکٹرانک گیٹ سے دوبارہ داخل ہونے کی کوشش کی لیکن ناکام رہے۔

گلوکار نے بتایا کہ میں نے سوچا نہیں تھا کہ جاپان کے میٹرو سسٹم کے بارے میں تحقیق کرنے اور تمام یوٹیوب ویڈیوز دیکھنے کے بعد بھی ہم وہاں کھو جائیں گے لیکن پھر بھی ایسا ہی ہوا۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ میٹرو اسٹیشن کے ہال وے میں پھنسے ہوئے جو خالی اور تقریبا ویران تھا میں نے ایک جاپانی شخص کو دیکھا جس کی عمر 60سال سے زیادہ تھی، میں جلدی سے ان کے پاس گیا اور انہیں اپنا مسئلہ بتایا تو انگریزی نہ جاننے کی وجہ سے اس نے مجھے کوئی جواب نہیں دیا مگر وہ سمجھ گیا ہم پھنسے ہوئے ہیں۔

بلال مقصود نے بتایا کہ اس نے مجھے مسکرا کر اشارے سے انتظار کرنے کو کہا اور خود وہاں سے چلا گیا پھر چند لمحوں بعد وہ ایک سٹیشن آفیسر کے ہمراہ ہمارے پاس واپس آیا جو روانی سے انگریزی بول رہا تھا اور جب سٹیشن آفیسر ہمیں سمجھا رہا تھا کہ اب ہمیں کیا کرنا چاہیے تو وہ شخص آفیسر کے ساتھ ہی کھڑا رہا اور مسکراتا رہا جیسے ہماری مدد کرنے سے اس کا دن خوشگوار ہوگیا ہو۔انہوں نے بتایا کہ مجھے یقین ہے اس شخص کو بھی اپنی ٹرین پکڑنی تھی لیکن پھر بھی وہ اس وقت تک ہمارے ساتھ رہا جب تک اس نے تسلی نہیں کر لی کہ ہم اپنی ٹرین میں بیٹھ گئے ہیں۔
وقت اشاعت : 05/05/2025 - 22:38:47

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :