a لیجنڈری اداکار عابد علی کی چھٹی برسی منائی گئی

~ عابد علی کو پرائیڈ آف پرفارمنس" سمیت کئی اعزازات سے نوازا گیا

جمعہ 5 ستمبر 2025 18:35

d اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 05 ستمبر2025ء)پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری کے لیجنڈری اداکار عابد علی کی چھٹی برسی عقیدت و احترام کے ساتھ منائی گئی ۔مارچ 1952ئ کو کوئٹہ میں پیدا ہونے والے عابد علی نے اپنے فنی سفر کا آغاز ریڈیو پاکستان سے کیا اور پھر 1973ئ میں پاکستان ٹیلی ویڑن سے منسلک ہو گئے۔ ان کے ابتدائی ڈرامے "جھوک سیال" نے انہیں پہچان دی، تاہم اصل شہرت امجد اسلام امجد کے تحریر کردہ کلاسک ڈرامہ وارث سے ملی۔

عابد علی کے مشہور ڈراموں میں پیاس، دوریاں، مہندی اور دیار دل شامل ہیں، جنہوں نے انہیں مداحوں کے دلوں میں ہمیشہ کے لیے زندہ کر دیا۔ 1993ئ میں انہوں نے ڈرامہ دشت کے ذریعے ہدایت کاری میں بھی اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا۔ان کی شاندار فنی خدمات کے اعتراف میں 1985ئ میں حکومت پاکستان نے انہیں پرائیڈ آف پرفارمنس سمیت کئی قومی اعزازات سے نوازا۔

(جاری ہے)

عابد علی نے دو شادیاں کیں۔ پہلی بیوی حمیرا علی سے ان کی تین بیٹیاں ایمان علی، راحمہ علی اور مریم علی ہیں، جبکہ 2006ئ میں انہوں نے اداکارہ رابعہ نورین سے دوسری شادی کی۔عابد علی جگر کے سرطان میں مبتلا تھے اور 30 اگست 2019ئ کو کراچی کے ایک نجی اسپتال میں داخل کیے گئے، جہاں وہ 5 ستمبر کو انتقال کر گئے۔ ان کے فن اور یادیں آج بھی مداحوں کے دلوں میں زندہ ہیں۔
وقت اشاعت : 05/09/2025 - 18:35:38

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :