بابائے قوم قائد اعظم محمد علی جناح اورشاعر مشرق ڈاکٹر علامہ اقبال کے مزارات پرگارڈزکی تبدیلی کی پروقار تقریبات

جمعہ 14 اگست 2015 14:54

لاہور/ کراچی ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 14 اگست۔2015ء) پاکستان کے 69ویں یوم آزادی کے موقع پر کراچی میں بابائے قوم قائد اعظم محمد علی جناح اورلاہور میں شاعر مشرق ڈاکٹر علامہ اقبال کے مزارات پرگارڈزکی تبدیلی کی پروقار تقریبات منعقد ہوئیں،مزارقائدپرگارڈزکی تبدیلی کی پروقار تقریب میں پاکستان نیول جبکہ مزار اقبال پر پاک فوج نے سکیورٹی کے فرائض سنبھال لیے ۔

جشن آزادی کے موقع پر ہر سال کی طرح مزار قائد پر گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب منعقد ہوئی۔مزار قائد پر گارڈز کی تبدیلی کی تقریب کے مہمان خصوصی کمانڈنٹ نیول اکیڈمی کموڈور فواد امین بیگ تھے جنھوں نے مراز قائد پر فاتحہ خوانی کی اور پھولوں کی چادر بھی۔ پاکستان نیوی کے چاک و چوبند دستے نے مزار قائد پر سیکیورٹی کے فرائض سنبھالے، پاکستان نیوی کے 48کیڈٹس اور 48سیلرز نے سکیورٹی کے فرائص سنبھالے۔

(جاری ہے)

گارڈزکے فرائض سنبھالنے والے کیڈٹس کاتعلق پاکستان نیول اکیڈمی کراچی کے منوڑہ سے ہے۔ اس موقع پر کموڈور فواد امین بیگ نے مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات بھی لکھے۔پاکستان کے جشن آزادی کے موقع پر لاہور میں شاعر مشرق علامہ محمد اقبال کے مزار پر بھی گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب منعقد ہوئی جس میں پاک آرمی کے بلوچ رجمنٹ کے چاک و چوبند دستے نے سکیورٹی کے فرائض سنبھالے۔ تقریب کے مہمان خصوصی گیریژن کمانڈر لاہور میجر جنرل طارق امان تھے جنھوں نے مزار اقبال پر فاتحہ خوانی کی اور پھولوں کی چادر چڑھائی جبکہ انہوں نے مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات بھی درج کئے۔