لاہور سمیت ملک کے بیشتر علاقوں میں کل بارش کا امکان

پیر 15 اپریل 2019 16:17

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 اپریل2019ء) صو بائی دارالحکومت لا ہور سمیت ملک کے بیشتر علاقوں میں کل منگل کے روز تیزہوائوں،آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ محکمہ مو سمیات کے مطابق فیصل آباد، ملتان،سرگودھا اور پنجاب کے بعض دیگر علاقوں سمیت خیبرپختونخوا کے اکثر مقامات، اسلام آباد، کوئٹہ، ژوب ڈویژن، کشمیر میں کہیں کہیں جبکہ سکھر، لاڑکانہ ڈویژن اور گلگت میں چند مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش اور بعض مقامات پر ژالہ باری،اسی طرح کوہاٹ، بنوں، ڈی آئی خان ڈویژن میں بعض مقامات پر درمیانی اور چند مقامات پر موسلادھار بارش کا امکان ہے۔

محکمہ موسیمات کے مطابق مکران، کوئٹہ، ژوب، ڈی جی خان ڈویژن کے مقامی ندی نالوں ییں طغیانی جبکہ مالاکنڈ، ہزارہ ڈویژن، گلگت بلتستان اور کشمیر میں لینڈ سلائیڈ کا بھی خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے۔

(جاری ہے)

محکمہ موسمیات نے کاشتکاروں کو آگاہ کیا ہے کہ آئندہ چار روز کے دوران پنجاب، خیبرپختونخوا، بلوچستان، سندھ، کشمیر اورگلگت بلتستان کے مختلف علاقوں میں متوقع آندھی، بارش اور ژالہ باری کے پیشِ نظر اپنی فصلوں کی حفاظت کیلئے احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران بلوچستان،مالاکنڈ، کوہاٹ، بنوں، ڈی آئی خان، ڈی جی خان، سرگودھا، بہاولپور ڈویژن میں کہیں کہیں جبکہ کشمیراورگلگت بلتستان میں چند مقامات پر گرج چمک کیساتھ بارش ہوئی۔سب سے زیادہ بارش جیوانی89، تربت39، گوادر32، پسنی19، بارکھان17، کوئٹہ شیخ ماندا11، ، سبی09، قلات08، اوڑمارا05، ژوب، خضدار03، نوکنڈی02، پاراچنار08، ڈی آئی خان04، بنوں03، مالم جبہ02، چترال، دروش01، بھکر05، لیہ03 اور رحیم یار خان میں 02ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

Browse Latest Weather News in Urdu