بھارت بیوی کی شوہر کو سبزی لانے کے لئے دی گئی فہرست وائرل

بیوی نے سبزیوں کے نام کے علاوہ شوہر کیلئے چند ہدایات بھی لکھ کر دیں ،ْ رپورٹ

بدھ 27 ستمبر 2017 14:48

بھارت بیوی کی شوہر کو سبزی لانے کے لئے دی گئی فہرست وائرل
نئی دہلی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 ستمبر2017ء) بھارت میں بیوی کی شوہر کو سبزی لانے کیلئے دی گئی فہرست سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی ۔بھارتی 29 سالہ خاتون ایرا لوندھی آئی ٹی اسپیشلسٹ ہیں جنہوں نے حال ہی میں گوروو نامی نوجوان سے شادی کی، دونوں میاں بیوی ایک دوسرے کا ہاتھ بٹاتے ہیں اور خوش و خرم زندگی گزار رہے ہیں۔ ایرا لوندھی نے شادی کے بعد اپنے شوہر سے بازار سے کچھ سبزیاں منگوائیں لیکن وہ اس قابل نہیں تھیں کہ انہیں پکایا جائے اور کئی روز تک یہ سلسلہ جاری رہا۔

شوہر کی بیکار سی خریداری دیکھتے ہوئے ایرا نے گوروو کو سبزی لانے کیلئے ایک طویل فہرست دی جس میں انہوں نے سبزیوں کے نام کے علاوہ ان کی نہ صرف تصاویر بنائیں بلکہ شوہر کیلئے چند ہدایات بھی لکھ کر دیں۔

(جاری ہے)

فہرست میں دیکھا گیا کہ جہاں پیاز کا لکھا گیا ہے وہاں اس کی تصویر بھی بنائی گئی ہے اور ہدایت کی گئی ہے کہ پیاز سائز میں چھوٹی اور گول ہونی چاہیے ،ْپیاز کی ایک تصویر پر کٹم کا نشان لگایا گیا ہے اس کا مطلب یہ ہے کہ اس قسم کی پیاز نہیں لانی۔

اسی طرح بیوی کی جانب سے آلو کیلئے بھی کچھ اسی قسم کی ہدایات کی گئیں ،ْآلو کی تین تصاویر کے ساتھ بتایا کہ نہ زیادہ بڑا اور نہ چھوٹا آلو لانا ہے بلکہ ایک کلو درمیانہ سائز کا آلو لانا ہے جبکہ یہ بھی ہدایت شامل تھی کہ آلو کا رنگ نہ ہرا ہو اور نہ ہی کالا۔ایرا کی فہرست میں سب سے دلچسپ ہدایت مرچی سے متعلق تھی۔ ایرا نے مرچی کی دو تصاویر بنائیں اور ہدایت کی کہ اس میں سے سیدھی مرچ لانی ہے جس کا رنگ سبز ہونے کے ساتھ ساتھ بڑی اور سیدھی ہونی چاہئیں۔

ایرا نے شوہر کو یہ بھی ہدایت کی کہ وہ دکاندار سے مرچی مفت میں دینے کا بھی کہیں۔اسی طرح دیگر سبزیوں کے بارے میں بھی ایرا نے اپنے شوہر کو دلچسپ ہدایات کیں۔ ساتھ ہی فہرست کے آخر میں ایرا نے دکان کا پتہ بھی لکھ دیا جہاں سے سبزی لانا تھی۔ ایرا کی یہ فہرست سوشل میڈیا پر اتنی مقبول ہوئی کہ اسے اب تک لاکھوں افراد شیئر کرچکے ہیں اور اس فہرست نے اخبارات میں مختلف رپورٹس میں اپنی جگہ بھی بنالی ہے۔

ایرا کے مطابق اس فہرست کا یہ اثر ہوا کہ ان کے شوہر بالکل ٹھیک ٹھیک سبزی لے کر آئے اور انہوں نے ان کی جانب سے دی گئی تمام ہدایات پر عمل کرتے ہوئے پہلے سے کئی گنا زیادہ اچھی شاپنگ کی۔ایرا نے دیگر خواتین کو بھی مشورہ دیا کہ اگر ان کے شوہر خریداری میں دلچسپی نہیں رکھتے اور وہ گھر پر بوسیدہ سی چیزیں اٹھا لاتے ہیں تو ایسی خواتین اس قسم کا طریقہ اختیار کریں۔

متعلقہ عنوان :

Browse Latest Weird News in Urdu